دبئی: (ویب ڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل 4) کے ایک اہم میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ شین واٹسن نے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 55 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 81 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ عمر اکمل 44 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 158 رنز کا ہدف اٹھارہ اعشاریہ دو اوورز میں حاصل کر کے صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنائے۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے پارنیل کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے 20 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں آصف علی نے 36، حسین طلعت نے 30 جبکہ ڈیل پورٹ نے 19 رنز بنائے اور نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر نے کامیاب گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 21 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فواد احمد نے تین جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔