لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل فور کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا، واحد سینکڑہ کولن اِنگرام نے جڑا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفہرست ہیں۔ لاہور قلندرز بڑے ٹوٹل، حسن علی زیادہ وکٹوں اور عمر اکمل کل سکور میں سب سے آگے ہیں۔
دبئی کے بعد شارجہ میں میچز کا بھی کوٹہ پورا ہوا۔ دوسرے مرحلے کے اختتام پر ٹیم ٹوٹل میں لاہور قلندرز کامیاب، ملتان سلطانز کے خلاف جوابی اننگز میں دو سو چار رنز بنائے۔
چوتھے ایڈیشن میں واحد سنچری میکر کراچی کنگز کے کولن انگرام ہیں، ایک سو ستائس رنز کی انفرادی اننگز کے ساتھ سرفہرست، ٹوٹل سکور میں عمر اکمل ٹاپ پر ہیں، بیٹسمین کے پانچ میچز میں 200 رنز ہیں۔ پشاور زلمی کے حسن علی کی پانچ میچز میں پندرہ وکٹیں، تین بار چار چار شکار کئے۔
پوائنٹ ٹیبل پر نظر ڈالیں تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آٹھ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہیں جس نے پانچ میں سے صرف ایک میچ ہارا۔ تین میچ جیت کر چھ پوائنٹ حاصل کرنے والی پشاور زلمی کی ٹیم کا دوسرا نمبر ہے۔
دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے بھی چھ پوائنٹ، رن ریٹ کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر ہے۔ لاہور قلندرز چوتھے، کراچی کنگز پانچویں اور ملتان سلطانز کی آخری یعنی چھٹی پوزیشن ہے۔
پی ایس ایل کرکٹ میلے میں آج آرام کا دن ہے، کھلاڑی کل سے پھر دبئی میں رنگ جمائیں گے، واحد میچ ملتان سلطانز اور دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان رات نو بجے کھیلا جائے گا۔