شارجہ: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ فور کے 9 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 44 رنز سے ٹھکانے لگا کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن مستحکم کرلی۔
پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 153رنز بنائے، امام الحق نے 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، لیام ڈاؤسن نے 43 رنز بنائے، کپتان ڈیرن سیمی نے محض 10 گیندوں پر ناقابل شکست 24 رنز سمیٹ لئے اور اپنی ٹیم کو 8 وکٹوں پر 153 رنز تک پہنچا دیا۔ کراچی کنگز کے عثمان شنواری اور سکندر رضا نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم اسی وقت پھسل گئی جب اس کے ان فارم بیٹسمین بابر اعظم سمیت ابتدائی 3 وکٹیں 15 رنز پر گر گئیں جبکہ صورت حال اس وقت مزید خراب ہوئی جب 55 رنز پر 5 کھلاڑی پویلین میں جا بیٹھے جس میں کولن انگرم 21، سکندر رضا 14 اور بین ڈنک ہی 12 رنز بنا سکے۔
کپتان عماد وسیم نے 26 اور محمد رضوان نے ناقابل شکست 32 رنز بنا کر اگرچہ مزاحمت کی لیکن 9 وکٹوں پر 109 رنز تک رسائی ممکن ہو سکی۔ حسن علی نے ایک بار پھر عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں۔