لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے ستارے گردش میں آ گئے، اسلام آباد یونائیٹڈ سے پھر شکست سے دوچار، آصٖف علی کی طوفانی اننگز نے سٹار بولرز کی درگت بنا دی۔ لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ہرا کر ٹاپ سے محروم کر دیا، کرکٹ میلے میں آج بھی دو میچ کھیلے جائیں گے۔
دبئی میں کرکٹ کا بخار، چھکے چوکوں کی بھرمار عروج پر ہے۔ ایک سو اڑسٹھ رنز میں بابر اعظم کے اڑسٹھ اور لیونگ سٹونز کے چھپن رنز شامل ہیں۔ سٹارز سے بھری کراچی کنگز، آصف علی کی شاندار پرفارمنس کے آگے بے بس نظر آئی، ان کے 38 گیندوں پر 70 رنز، پانچ چوکے اور چھ چھکوں نے سب کو دن میں تارے دکھا دیئے۔ عثمان شینواری کی خوب پٹائی ہوئی جس سے اپنی ٹیم پر بھاری پڑتے نظر آئے، دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ والے پانچ وکٹ سے جیت کر باہر آئے۔
اس سے پہلے لاہور قلندرز کی دھمال سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نڈھال ہوئی، بولرز نے کمال دکھاتے ہوئے حریف بلے بازوں کو ایک سو چھ پر مار بھگایا۔
نوجوان سندیپ لیمی چنے اچھا کھیلتے ہوئے چار وکٹوں سے مین آف دی میچ کا اعزاز پایا۔ جواب میں آسان ہدف پر کپتان اے بی ڈویلیئرز نے فاتحانہ 47 رنز، حارث سہیل نے 33 رنز بنائے اور جیت کر ناٹ آؤٹ واپس آئے۔ دو راؤنڈ تک کے سرفہرست گلیڈی ایٹرز ہار کر ٹاپ پر نہ رہ سکے۔
پی ایس ایل میں آج بھی دو میچ کھیلے جائیں گے، سہ پہر ساڑھے چار بجے ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کا مقابلہ ہو گا، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں رات نو بجے مدمقابل ہوں گی۔