لاہور: (ویب ڈیسک) ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ذاتی ٹویٹر اکاؤنٹ سے آسٹریلوی بلے باز عثمان خواجہ کو اںڈیا کیخلاف شاندار پرفارمنس پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ہندوستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے سیریز بھی اپنے نام کر لی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم نے ہندوستان کو 273 رنز کا ٹارگٹ دیا لیکن میزبان ٹیم صرف 237 رنز بنا سکی۔
یاد رہے کہ انڈیا کیخلاف ون ڈے سیریز کے پہلے دو میچوں میں آسٹریلوی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اگلے دونوں میچوں میں پاکستانی نژاد آسٹریلوی بیٹسمن عثمان خواجہ نے زبردست پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈین ٹیم کے اوسان خطا کر دیے اور سیریز آسٹریلیا کے نام کرنے میں اہم کردار ادا کیا آخری میچ میں انھوں نے 106 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان کشیدگی جاری تھی اور اس دوران سیریز کے تیسرے میچ میں انڈین ٹیم پلوامہ حملے کے خلاف اور اپنی فوج کے ساتھ یکجہتی کے طور پر فوجی ٹوپیاں پہن کر میدان میں اتری تھی۔ ان کا یہ اقدام موضوع بحث بن گیا تھا اور بات آئی سی سی تک پہنچی تھی۔
اس میچ میں کامیابی کے بعد بھی پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے اپنی ٹویٹ میں اچھی کارکردگی پر عثمان خواجہ کی تعریف کی۔ پھر چوتھے میچ میں پلیئر آف دی میچ ایشٹن ٹرنر کیساتھ ساتھ عثمان خواجہ کو ایک بار پھر اچھی کارکردگی پر شاباش دی۔
سیریز کے پانچویں اور آخری فیصلہ کن میچ ہندوستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری لیکن ان کا کوئی بھی بلے باز ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کر سکا۔ روہت شرما کی ففٹی کے باقی ٹاپ آرڈر آسٹریلین بولنگ کے سامنے ڈھیر ہو گئی۔ 30 اوورز کے اختتام پر بھارت کے 138 رنز پر 6 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
انڈیا کی ٹیم 273 کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اپنی ہی سرزمین پر کھیلی گئی سیریز کے آخری میچ میں 237 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
Very well played yet again #UsmanKhawaja
— Asif Ghafoor (@peaceforchange) March 13, 2019
Your 100 at excellent STRIKE rate made the difference. You gave excellent performance during last three consecutive ODI contests to CAP the series. pic.twitter.com/r4f6V5ROn9