دبئی: (دنیا نیوز) آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو مقررہ پچاس اوورز میں جیت کیلئے 278 رنز کا ہدف دیا تھا۔ اپنے کیریئر کا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان بلے باز عابد علی اور محمد رضوان نے شاندار سنچری سکور کی لیکن ٹیم فتح حاصل نہ کر سکی۔
قومی ٹیم کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ آسٹریلوی کپتان فنچ اور بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے عثمان خواجہ نے ایک بار پھر شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ فنچ نے 39 جبکہ عثمان خواجہ نے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔
ان کے بعد آنے والے تینوں بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ مارش 5، ہینڈزکومب 7 جبکہ سٹوانز صرف 2 رنز بنا کر چلتے بنے۔ تاہم ان کے بعد جارحانہ بلے بازی کیلئے مشہور گلین میکسویل نے ٹیم کو سنبھالا اور 98 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اے ٹی کیری نے ان کا خوب ساتھ دیا اور 55 رنز جوڑے۔
آسٹریلوی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین، عماد وسیم اور یاسر شاہ کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں جبکہ گلین میکسویل کو شان مسعود کی تھرو پر وکٹ کیپر رضوان نے رن آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے 278 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے شان مسعود اور عابد علی کو میدان میں اتارا۔ شان مسعود بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ اس کے بعد اپنے کیریئر کا پہلا میچ کھیلنے والے نوجوان بلے باز عابد علی اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے ٹیم کو سنبھالا۔
عابد علی نے اپنے انتخاب کا فیصلہ درست ثابت کرتے ہوئے سنچری سکور کی اور یہ اعزاز پانے والے پاکستان کے تیسرے بلے باز قرار پائے۔ انہوں نے 119 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 9 چوکوں کی مدد سے 112 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
ان کا ساتھ دینے والے بلے باز محمد رضوان نے بھی سنچری سکور کی اور آخری اوور تک کھیلے لیکن قومی ٹیم کو کامیابی نہ دلوا سکے۔ آخری اوور میں ایک اونچی شارٹ کھیلتے ہوئے انہوں نے اپنا کیچ دیا۔ محمد رضوان نے 99 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 104 رنز بنائے۔ پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔
ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز اس میچ میں بھی نہ چل سکا۔ یوں عابد علی اور محمد رضوان کی سنچریوں کی بدولت بھی پاکستان آسٹریلیا کیخلاف مسلسل چوتھے میچ میں ہار گیا۔ یوں
آسٹریلیا نے چوتھے میچ میں بھی فتح اپنے نام کی اور پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی۔ آسٹریلیا کی جانب سے نائل نے 3 جبکہ رچرڈسن، لیون اور زامپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔