لاہور: (دنیا نیوز) ورلڈکپ تیاریوں کے لئے ٹیم پاکستان کا ہر پلان فلاپ ہو گیا، بڑے برج اوندھے منہ گر پڑے، امام ناکام ہوئے، شان نے مان توڑا تو عمر اکمل بھی نہ چل سکے، عامر کا ٹوٹل فیلیئر ہوا جبکہ یاسر شاہ کی تجربہ کاری بھی بے کار گئی۔
ورلڈکپ تیاریوں کے سارے پلان فلاپ، سب فیل ہو گئے، اوپنر امام ناکام، شان مسعود نے بھی مان توڑ دیا، عمر اکمل چل سکے نہ شعیب ملک کی کپتانی کام آئی۔ جنید اور عامر کا فیلیئر، یاسر شاہ نے بھی مایوس کیا۔ یو اے ای کا میدان، ٹیم پاکستان کے لیے ناکامیوں کی داستان بن گیا۔
بلے بازی میں اوپنر امام الحق کے تین میچز میں تریسٹھ رنز ٹیسٹ، پی ایس ایل اور اب ون ڈے میں موقع پانے والے شان مسعود کے تین میچز میں ایک سو گیارہ کا مجموعہ اور عمر اکمل بھی کم بیک کو یادگار نہ بنا سکے، پانچ میچز میں ایک سو پچاس رنز، ایک ففٹی مکمل نہ ہوئی۔
نوجوان بیٹسمین سعد علی کی بھی ڈیبیو سیریز میں ناکام رہی، دو میچز میں صرف گیارہ رنز بنا سکے۔ کپتان شعیب ملک کی تجربہ کاری ایک سو دو رنز تک محدود رہی، صرف تین میچ کھیل سکے۔
کینگروز کے خلاف بولرز نے بھی مان ہی توڑا۔ یو اے ای وکٹوں کے بادشاہ یاسر شاہ نے بھی مایوس کیا، پانچ میچز میں صرف چار وکٹیں حاصل کیں، جنید خان کی وکٹوں کا بھی اسکور چار ہی رہا، محمد عامر اور شعیب ملک کے ہاتھ وکٹ سے خالی، محمد عباس، فہیم اشرف نے بمشکل ایک ایک شکار کیا۔ ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر محمد حسنین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان، حارث سہیل اور تگڑے سیکڑے سے ون ڈے کیرئر کا آغاز یادگار بنانے والے عابد علی نے سنچریز تو بنائیں، مگر افسوس کلین سویپ ہوتی ٹیم کے کچھ کام نہ آئیں۔