لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر پی سی بی نے آسٹریلین طرز کا ڈومیسٹک کرکٹ ماڈل تیار کر لیا، آئندہ فرسٹ کلاس سیزن میں صرف چھ صوبائی ٹیمیں کھیلیں گی۔
ڈومیسٹک کرکٹ کا نیا ڈھانچہ تیار کر لیا گیا، وزیراعظم کی ہدایت پرفرسٹ کلاس ٹیموں کی تعداد سولہ سے کم کر کے چھ کر دی گئی ہے۔ سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ایک ایک ٹیم بنے گی جبکہ پنجاب کی 2 جبکہ اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور پرانے روالپنڈی ریجن پر مشتمل ایک ٹیم تیار کی جائے گی۔ یہی چھ ٹیمیںقائدِ اعظم ٹرافی، نیشنل ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپ میں حصہ لیں گی۔
نئے سسٹم کے تحت پاکستان کا فرسٹ کلاس سیزن ہرسال 15 ستمبر سے 15 اپریل تک کھیلا جائے گا۔
چیئرمین پی سی بی احسان مانی نئے سسٹم کے نفاذ کیلئے جلد پیٹرن انچیف وزیراعظم عمران خان سے منظوری لیں گے۔ پی سی بی حکام نے چند روز قبل نئے ڈومیسٹک سسٹم کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔