افغانستان میں افیون کی پیداوار میں 72 فیصد اضافہ

Last Updated On 31 March,2019 06:53 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں گزشتہ آٹھ سال میں افیون کی پیداوار میں 72 فیصد اضافہ ہوا۔ امریکی انتظامیہ کے مطابق افغانستان میں منشیات کی پیداوار ریکارڈ لیول پر پہنچ چکی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جاری انٹرنیشنل نارکوٹکس کنٹرول سٹریٹجی رپورٹ کے مطابق 2009ء میں افغانستان میں 5 ہزار 300 ٹن افیون کاشت ہوئی جو بتدریج اضافے سے 2017ء تک 9 ہزار 140 ٹن تک پہنچ چکی ہے۔

افغانستان میں 2017ء میں سوا 3 لاکھ ہیکٹر رقبے پر افیون کاشت ہوئی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق افیون کی سب سے زیادہ کاشت افغانستان میں ہوتی ہے۔

امریکی حکام نے سال 2019ء کے لیے افغانستان میں انسداد منشیات کے لیے 4 کروڑ 37 لاکھ ڈالر بجٹ مختص کرنے کی درخواست کی ہے۔