اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے عبوری افغان حکومت سے متعلق وزیراعظم کا بیان غلط انداز میں پیش کیا گیا، وزیراعظم کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بیان کی غلط تشریح سے غیر ضروری ردعمل سامنے آیا، وزیراعظم نے عبوری حکومت کے زیر نگرانی انتخابات کی مثال دی تھی، وزیراعظم کی رائے کو افغانستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت سے تشبیہ نہیں دی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی افغانستان میں افغان قیادت میں امن کے علاوہ کوئی دلچسپی نہیں ہے، وزیراعظم نے حالیہ سیاسی مصالحتی عمل میں ذاتی دلچسپی لے کر معاونت فراہم کی۔
دفتر خارجہ نے مزید کہا پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو مصالحتی عمل کے اس نازک مرحلے پر غلط فہمی کی نظر نہیں کرنا چاہئے، وزیراعظم افغانستان کے بہادر عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہیں، افغان عوام کو چار دہائیوں کی جنگ اور تشدد کے بعد امن سے رہنے کا حق ہے۔