اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے سندھ سے ہندو لڑکیوں کے مبینہ اغوا کا نوٹس لے لیا، صوبائی حکومت کو واقعات کے روک تھام کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی۔ رحیم یار خان منتقلی کی اطلاعات پر وزیراعلی پنجاب کو بھی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ دوسری طرف ہندو لڑکیوں نے خان پور میں اسلام قبول کر لیا، نکاح بھی کیا، پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹ میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ سندھ کو ڈہرکی سے اغوا ہونیوالی لڑکیوں کی بازیابی کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعظم نے سندھ حکومت کوایسے واقعات کے تدارک کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ فواد چوہدری نے بتایا ایسی اطلاعات ہیں کہ لڑکیوں کو رحیم یار خان منتقل کیا گیا، جس پر وزیراعظم نے سندھ اور پنجاب حکومت کو یہ ہدایت بھی کی ہے کہ اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے۔ اگر ایسا معاملہ ہے تو اس کی تحقیقات کی جائیں اور بچیوں کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔
آج صبح وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلی! کو یہ ہدائیت جاری کی ہے کہ سندہ سے اغوا ہونیوالی دو نو عمر ہندو لڑکیوں کے بارے میں ایسی اطلاعات ہیں کہ انھیں رحیم یار خان منتقل کیا گیا ہے، اس معاملے کی فوری تحقیقات کی جائیں اور اگر ایسا ہے تو بچیوں کو بازیاب کرایا جائے،
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 24, 2019
دوسری طرف ڈہرکی سے لاپتہ ہونیوالی ہندو لڑکیوں نے رحیم یارخان کے علاقے خان پور میں اسلام قبول کر لیا جس کے بعد انہوں نے نکاح کیا۔ خبر یہ بھی ہے کہ دونوں لڑکیوں نے تحفظ کے لئے عدالت سے رجوع بھی کیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے پر ایک شخص کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
چند روز پہلے ہندو لڑکیوں کے اہلخانہ نے سندھ پنجاب بارڈر پر احتجاج کیا تھا ،لڑکیوں کے مبینہ اغوا کا مقدمہ سندھ میں بھی درج ہے۔
۔