اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت افہام وتفہیم چاہتی ہے لیکن پیپلز پارٹی کا رویہ قانون کے تقاضوں کے منافی ہے۔ حد پار کی گئی تو ریاست اپنی ذمہ داری پوری کریگی۔
وزیر اطلاعات فواد چودھری کا آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی نیب میں پیشی پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ایسا ممکن نہیں کہ آپ تحقیقات کے عمل کو متاثر کر سکیں، جن لوگوں پر مقدمات ہیں انہیں ان کا سامنا کرنا ہوگا۔ ہم افہام وتفہیم چاہتے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ احتساب روک دیا جائے۔ آپ حد پار کرینگے تو ریاست اپنی ذمہ داری پوری کریگی۔
فواد چودھری نے کہا کہ آج آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کو نیب نے تفتیش کیلئے بلایا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے تقریباً 500 کے قریب کارکن جمع ہوئے۔ بد قسمتی ہے کہ ان میں سے چند درجن لوگوں نے پولیس پر حملہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: جیالوں اور پولیس میں ہاتھا پائی، 3 اہلکار زخمی، کئی کارکنان گرفتار
پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے رویے کی شدد مذمت کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ اس موقع پر پولیس پر حملہ کیا گیا لیکن اہلکاروں نے صبر کا مظاہر کیا۔ پولیس کی معاملے کو غیر جانبداری سے نمٹانے کی کوشش کی قابل ستائش ہے۔ ہم پولیس کے اسی رویے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ رویہ قانون کے تقاضوں کے منافی ہے۔ یہ رویہ کالعدم تنظیموں سے کس طرح مختلف ہے جن پر نیشنل ایکشن پلان کا نفاذ ہو رہا ہے۔ کیا آپ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ آپ کو تفتیش کیلئے کیوں بلایا؟ امید ہے پی پی پی اور ان کی قیادت اپنے رویے پر معذرت کریگی۔