اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری کا کہنا ہے کرپشن اولمپکس کی دوسری قسط شروع ہوگئی، 5 تانگوں میں پوری پارٹی استقبال کیلئے آئی، چوری اور سینہ زوری کو مثال دے کر واضح کرنا ہو تو نواز شریف اور زرداری صاحب کا رویہ دیکھ لیں۔
فواد چودھری کے بیان پر پی پی رہنماؤں کی جانب سے بھی بھرپور ردعمل دیا گیا۔ سعید غنی نے اپنے بیان میں کہا فواد چودھری صاحب 50 تانگوں کے برابر جیالے تو پولیس نے گرفتار کر لئے ہیں، پی ٹی آئی ایک تانگہ پارٹی ہے جو فوٹو شاپ سے جلسوں کی رونقیں بڑھاتی ہے، فواد چودھری آنکھیں کھول کر صرف جڑواں شہروں کے جیالوں کی طاقت دیکھیں۔ پی پی رہنما نے کہا پورے ملک کے جیالے جمع ہوئے تو سلیکٹڈ گورنمنٹ کی بنیادیں ہلادیں گے۔
پی پی رہنما شہلا رضا نے اپنے ردعمل میں کہا وہ کس پنجرے میں بند ہے جس نے خوشامدی ٹویٹ کیا تھا کہ پانچ تانگوں میں کارکن آئیں گے ایسا ہی سمجھتا تھا تو اتنی پولیس کس کے لئے ہے۔ شہلا رضا نے کہا یہ صرف پنڈی کے کارکن ہیں جنھیں قیادت کی جانب سے پر امن رہنے کی ہدایت ہے۔ انہوں نے کہا فواد چودھری کی وزارت عالم نزع میں ہے اس لئے وہ بھڑک رہے ہیں، پی ٹی آئی کی پہچان، بد تمیزی اور بد زبانی ہے۔