جہلم: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عوام نے ہمیں احتساب کیلئے ووٹ دیا، ہم کسی کو ریلیف نہیں دے سکتے، احتساب ہوگا۔
جہلم میں جلسے سے خطاب میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے پاس عوامی ایشوز نہیں نواز شریف کی صحت پر سیاست کر رہی ہے۔ نواز شریف سے کہہ رہے ہیں کہ وہ بیرون ملک سے اپنے ڈاکٹر بلا لیں، یہ کیسی بات ہے کہ کسی ڈاکٹر کے پاس نہیں جانا بلکہ لندن جانا ہے۔ سیاست احتساب اور صحت پر نہیں ہونی چاہیے لیکن عوام صحت کے معاملے پر سیاست کی اجازت نہیں دیں گے۔ عوام نے ہمیں احتساب کے لیے ووٹ دیا ہے، ہم ان کو ریلیف نہیں دے سکتے، احتساب ہوگا۔
فواد چودھری نے کہا کہ پہلے قوم نے عمران خان کو ووٹ سے عزت دی، آج پاکستانیوں کو دنیا بھر میں عمران خان کی وجہ سے عزت مل رہی ہے۔ عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر شروع کیا ہے، پاکستان کو ترقی کی منزل تک لے کر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت اوراپوزیشن کی کوئی لڑائی نہیں، صرف ایک لڑائی عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا حساب دو۔ آج ان سے حساب مانگنا چھوڑ دیں تو یہ عمران کو نوبل انعام دینے کی بات بھی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے کبھی عوامی مسائل پر بات نہیں کی، جب بھی اسمبلی اجلاس ہوتا ہے تو سارے نیب کیخلاف آنسو بہاتے ہیں۔ خورشید شاہ کہتے ہیں کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو مقدمہ عمران کیخلاف درج کروائیں گے، خورشید شاہ کو نواز شریف نہیں اپنی جیل جانے کی فکر ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پوری دنیا میں عمران کے امن کے پیغام کو سراہا گیا۔ عمران کو پوری دنیا میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پوری قوم عمران خان اور افواج کے پیچھے کھڑی ہے۔ پاکستان کی طرف کوئی بھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔