اسلام آباد: (دنیا نیوز) احساسِ کفالت منصوبے کی افتتاحی تیاریاں مکمل، عوام کا احساس ریاست کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم چین کے تجربات سے استفادے کیلئے پرعزم
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے غریب عوام کے لئے بڑی خوشخبری، ملکی تاریخ کا سب سے بڑا غربت مٹاؤ پروگرام آج سے شروع ہوگا۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے ملاقات کر کے پروگرام کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
ابتدائی مرحلے میں 120 ارب روپے سے زائد کی رقم مختص کی گئی ہے۔ غربت مٹاؤ پروگرام کا نام "احساس اور کفالت" رکھا گیا ہے۔ اس سلسلے میں افتتاحی تقریب کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان آج باقاعدہ اس پروگرام کا آغاز کریں گے۔ پروگرام کے ذریعے بیواؤں، یتیموں اور بزرگوں کو مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ خواجہ سراؤں اور معذور افراد کو بھی خصوصی پیکجز دیے جائیں گے۔
اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک سے غربت کے خاتمے کے لئے پہلا بڑا قدم اٹھا رہے ہیں۔ عوام کا احساس ریاست کی اولین ترجیح ہے۔ غربت میں کمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے اور چین کے تجربات سے استفادہ کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ فلاحی ریاست کا تصور عوام کے احساس کے بغیر نامکمل ہوگا۔