اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ یورپی یونین مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
وزیراعظم عمران خان سے یورپی یونین نمائندہ فریڈریکا نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے یورپی نمائندہ کو علاقائی صورتحال، افغان مفاہمتی امن عمل کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں اور بھارت کے ساتھ کشیدگی میں کمی کے حوالے سے بھی اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے حکومت کے گڈ گورنس کے حوالے سے اصلاحاتی ایجنڈے پر بھی بات کی اور کہا کہ حکومت بدعنوانی، غربت کے خاتمے اور قانون کی حکمرانی کے لیے پرعزم ہے
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ یورپی یونین کے رکن ممالک پاکستان کے اہم تجارتی اور سرمایہ کار اتحادی ہیں۔ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد یورپی ممالک سے باہمی تجاری کو فروغ ملا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ یورپی یونین مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
یورپی نمائندہ فریڈریکا نے پلوامہ واقعہ کے بعد صورتحال سے نبرد آزما ہونے پر وزیراعظم کی تعریف کی اور کہا کہ یورپی یونین وزیراعظم کے اصلاحاتی ایجنڈے کی حمایت کرے گی۔ یہ اصلاحاتی ایجنڈا یورپی یونین کے بنیادی قواعد اور اقدار کے مطابق ہے۔