لندن: (دنیا نیوز) ورلڈکپ تیاریوں کے جوش کو بارش نے ٹھنڈا کر دیا، پاکستان اور بنگلادیش کا وارم اپ میچ خراب موسم کی نذر ہو گیا جبکہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے درمیان میچ بھی بے نتیجہ ہی رہا، آج آسٹریلیا کا سری لنکا جبکہ میزبان انگلینڈ کا افغانستان سے جوڑ پڑے گا۔
بابائے کرکٹ انگلینڈ کا موسم ورلڈکپ کا مزہ کرکرا کرنے لگا، وارم اپ میچ بارش کے باعث متاثر، پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان میچ میں کرکٹ نہ ہو سکی، صرف بارش کا کھیل ہوا۔ بغیر کوئی گیند ہوئے میچ منسوخ کر دیا گیا۔ مسلسل ناکامیوں سے دوچار قومی کھلاڑیوں کے ممکنہ جیت کا خواب چکنا چور ہو گیا۔
ادھر برسٹل میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا، سکور جب پچپن تک پہنچا تو بارش کا کھیل شروع ہوا، پچاس منٹ بعد ٹیمیں دوبارہ میدان میں آئیں، بارش ہی کی آنکھ مچولی نے صرف اپنا کھیل جاری رکھا۔ تیرہویں اوور میں پچانوے سکور کے بعد میچ کو بغیر نتیجے ختم کرنا پڑا۔
آج بھی دو پریکٹس میچ شیڈول ہیں، دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کا سری لنکا سے میچ شیڈول ہو گا تو دوسری جانب میزبان انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ دونوں وارم اپ میچ ، دوپہر اڑھائی بجے ہی شروع ہوں گے، سپر میگا ایونٹ کا آغاز 30 مئی سے ہو گا جبکہ پاکستان اگلے ہی روز اپنی ورلڈکپ مہم شروع کرے گا۔