شاہد آفریدی پاکستان کے جونیئر کھلاڑیوں کی کوچنگ کیلئے تیار

Last Updated On 29 September,2019 10:22 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو ان کے تجربے کی بدولت موثر کرکٹر بننے میں مدد مل سکتی ہے۔

تفصیل کے مطابق سابق قومی کپتان اور اپنے وقت کے جارح مزاج بیٹنگ آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ کوچنگ ان کے مزاج کا حصہ نہیں لیکن اگر انہیں ایسا کوئی بھی موقع ملا تو وہ جونیئر کھلاڑیوں کی کوچنگ کیلئے تیار ہو سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جونیئر کھلاڑیوں کو یہ بات سمجھانا قدرے آسان اور فائدہ مند ہوگا کہ اپنے کرکٹ کیریئر کے دوران وہ کس طرح شدید دباؤ کے عالم میں بھی جرات مندی کے ساتھ حریف ٹیموں کا مقابلہ کرتے رہے جبکہ نوجوانوں کو ان کے تجربے کی بدولت سیکھنے اور موثر کرکٹر بننے میں بھی مدد مل سکے گی۔

سابق قومی آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ وہ مکمل طور پر فٹ اور اپنی کرکٹ سے آج بھی پوری طرح لطف اندوز ہو رہے ہیں اور امید ہے کہ وہ آئندہ ٹی ٹین لیگ میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرتے ہوئے بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم سے متعلق ایک سوال پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ دہری ذمہ داریاں اٹھانے والے مصباح الحق پر بڑی بھاری ذمہ داری ڈال دی گئی ہے، البتہ پاکستان کی کرکٹ کی سمت درست کرنے کیلئے نئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کو کم از کم تین سالہ معاہدے کی مدت پوری کرنے کا موقع ملنا چاہیے۔