لاہور: (دنیا نیوز) یوم دفاع و شہدا کے موقع پر شاہد آفریدی اہلیہ کے ہمراہ شہید پائلٹ مریم مختیار کے گھر آئے اور ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اہلخانہ کے ساتھ فاتحہ خوانی کی۔
شاہد آفریدی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مریم مختیار نے کم عمری میں قوم کا سر فخر سے بلند کیا، مریم کی قربانی کو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ شہید مریم مختیار کے والد نے کہا کہ شاہد آفریدی کی آمد سے بہت خوشی ہوئی۔
مریم مختیار نے پاک فضائیہ کی رسالپور اکیڈمی سے لڑاکا پائلٹ کی تربیت حاصل کی۔ وہ اکثر کہتی تھیں کہ کچھ ایسا کروں جو معمول کے کاموں سے ہٹ کر ہو۔ مریم مختیار چوبیس نومبر 2015 کو اپنے انسٹرکٹر، ثاقب عباسی کے ساتھ معمول کی تربیتی پرواز پر تھیں، جب میانوالی کے قریب ان کا طیارہ تیکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا تھا اور مریم مختیار حادثے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جہان فانی سے کوچ کر گئیں، انہیں پاکستان کی پہلی شہید خاتون پائلٹ کا اعزاز ملا۔ فائٹر پائلٹ مریم مختیار کا شمار لڑاکا طیارے کی ان پانچ خواتین پائلٹس میں ہوتا تھا، جنہیں محاذ جنگ تک جانے کی اجازت تھی ، ان کو تمغہ بسالت سے بھی نوازا گیا۔