بلاول بھٹو کا یوم دفاع پر پاک فوج کے شہیدوں کو خراج عقیدت

Last Updated On 06 September,2019 01:49 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم دفاع پاکستان پر اپنے پیغام میں مسلح افواج کے شہیدوں کو خراج عقیدت اور انکے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمارے تمام شہیدوں بشمول سپاہیوں وسویلین کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ کشمیری عوام کا تحفظ کرنا ہماری قومی ذمے داری ہے، آج یوم دفاع کے موقع پر ہمیں مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بھی یاد رکھنا ہے جو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ شہید بینظیر بھٹو نے ملک کو بیلسٹک میزائیل پروگرام کا تحفہ دیا، شہید بھٹو کو ملک کے جوہری پروگرام کی مضبوط بنیاد رکھنے پرسلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا دن جغرافیہ، نظریئے،جمہوریت اورانسانی حقوق کا دفاع کرنے کےعزم نوکا بھی دن ہے، جغرافیے کا تحفظ اور نظریئے کی حفاظت کا آپس میں چولی دامن کا تعلق ہے، ناقابلِ تسخیر دفاع کو یقینی بنانے کیلئے تمام قومی ادارے دائرے کار میں رہتے ہوئے کام کریں۔
 

Advertisement