یوم دفاع: کراچی میں مزار قائد، لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز تبدیلی تقاریب

Last Updated On 06 September,2019 03:19 pm

کراچی: (دنیا نیوز) یوم دفاع پاکستان کے موقع پر کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر تبدیلی گارڈز کی پروقار تقاریب ہوئیں۔ مزار قائد پر فضائیہ کے کیڈٹس جبکہ مزار اقبال پر پاک فوج کے جوانوں نے فرائض سنبھالے۔

 مزار قائد پر تبدیلی گارڈز کی تقریب ہوئی، مہمان خصوصی کو جنرل سلیوٹ پیش کیا گیا۔ مہمان خصوصی نے ایئر وائس مارشل حامد راشد رندھاوا نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ فضائیہ کے بینڈ نے لہو گرما دینے والی دھن بکھیری، مہمان خصوصی نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار قائد پر اب اصغر خان اکیڈمی کے کیڈٹس فرائض انجام دیں گے۔

لاہور میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے مزار اقبال پر تبدیلی گارڈز کی تقریب ہوئی۔ پاک فوج کے چاک چوبند دستے نے شاعر مشرق کو سلامی پیش کی۔ میجر جنرل محمد عامر نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ مزار اقبال پر گارڈز کے فرائض پاک فوج کے جوانوں کے حصے میں آئے۔

 

Advertisement