اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوم دفاع پاکستان پر وفاقی وزرا نے شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے قوم کو شہدا اور غازیوں پر فخر ہے، کیپٹن جنید عرفان نے شمالی وزیرستان میں ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی راولپنڈی میں کیپٹن جنید عرفان کے گھر پہنچے جنہوں نے شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا قوم کو شہدا اور غازیوں پر فخر ہے، کیپٹن جنید عرفان نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بھی راولپنڈی میں لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید کے لواحقین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں معاون خصوصی نے کہا یوم شہدا کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منا رہے ہیں، پاکستان کادفاع اس وقت تک مضبوط نہیں ہوسکتا جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملتان میں تقریب سے خطاب میں کہا شہدا ہمارا اثاثہ ہیں، پاکستان کا ہر نوجوان سر فروش ہے، کشمیریوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا یوم دفاع پاکستان پر قوم اپنے شہیدوں کو بھرپور سلام کر رہی ہے۔