لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں یوم دفاعِ پاکستان یکجہتی کشمیر کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریلیاں نکالی گئیں اور سمینار کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اس بار یوم دفاع کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرہ مستانہ کے ساتھ منایا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے مظفر آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب سے خطاب کیا جبکہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب ہوئی۔
یومِ دفاع پاکستان پر وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جبکہ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کی دعائیں کی گئیں۔
یوم دفاع پر وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد گئے جہاں انہوں نے کشمیری شہدا کے حوالے سے تقریب سے خطاب کیا۔ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق صوبائی دارالحکومتوں میں خصوصی تقریبات ہوئیں جن میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ وزیراعظم نے پاکستانی عوام کو یوم دفاع پر شہدا کے خاندانوں کے پاس جانے اور شکریہ ادا کرنے کی بھی ہدایات دی۔
کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی کے کیڈیٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ 55 کیڈیٹس پر مشتمل دستے میں 5 خواتین کیڈیٹس بھی شامل ہیں۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی ائیر آفیسر کمانڈنگ اصغر خان اکیڈمی ائیر وائس مارشل حامد رشید تھے۔ وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں دفاتر دن تین بجے کے بعد بند کر دیے گئے تھے۔
ملازمین نے یوم دفاع پاکستان منانے کے ساتھ ساتھ یوم یکجہتی کشمیر بھی منایا اور شہدا کے اہل خانہ کے گھر گئے اور شہدا کی یادگار پر حاضری دی۔ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریلیاں نکالی گئیںں اور سمینار کا انعقاد کیا گیا۔