قوانین کی خلاف ورزی، شکیب الحسن پر دو سال کی پابندی لگ گئی

Last Updated On 30 October,2019 06:54 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلا دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن پر قوانین کی خلاف ورزی پر دو سال کی پابندی لگا دی گئی تاہم شکیب کی طرف سے اعتراف جرم کیے جانے کے بعد ان کی سزا ایک سال کر دی گئی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بتایا کہ بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن پر تمام طرز کی کرکٹ پر دو سال کی پابندی لگا دی گئی ہے، انہوں نے آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کی تھی جس کا بعد میں بیٹسمین نے اعتراف بھی کر لیا تھا۔

آئی سی سی کے مطابق شکیب الحسن تین مواقع پر بکیز یا میچ فکسرز کی جانب سے پیشکش یا رابطے کیے جس کے بارے میں انہوں نے آئی سی سی کو مطلع نہیں کیا تھا۔ آئی سی سی کے مطابق شکیب الحسن جنوری 2018 میں بنگلہ دیش، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان سہ ملکی سیزیز اور 2018 کی آئی پی ایل میں کرپشن سے متعلق کسی پیشکش یا دعوت یو مکمل تفصیل اینٹی کرپشن یونٹ کو بیان کرنے میں ناکام رہے۔

ان پر تیسرا الزام اینٹی کرپشن یونٹ کو آئی پی ایل کے میچ سن رائیزر حیدر آباد اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان کے میچ کے دوران کرپشن کی پیشکش یا رابطہ کیے جانے کی تفصیل بنانے میں ناکام رہے۔

آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کیے جانے کی تصدیق کے بعد بنگلا دیشی آل راؤنڈر نے اعتراف کیا اور پابندی کو قبول بھی کر لیا۔ بنگلا دیشی آل راؤنڈر پر کرکٹ کے دروازے اب 29 اکتوبر 2020ء کو کھولیں گے۔

پابندی کے بعد بات کرتے ہوئے شکیب الحسن کا کہنا تھا کہ میں پابندی پر بہت افسردہ ہوں، اس کھیل پر پابندی لگائی گئی جس سے میں بہت پیار کرتا ہوں، آئی سی سی کی جانب لگائی گئی پابندی کو قبول کرتا ہوں، آئی سی سی کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی پر میرا فرض تھا کہ میں قوانین کی خلاف ورزی نہیں کرتا تاہم مجھ سے یہ غلطی ہوئی ہے اور میں اس کا اعتراف بھی کرتا ہوں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا بھر میں میرے مداح مجھے پسند کرتے ہیں اور کرکٹ کو کرپشن فری دیکھنا چاہتے ہیں، میں مستقبل میں آئی سی سی کے قوانین پر کڑی نظر رکھوں گا، نوجوانوں کے لیے مختص تعلیمی پروگرام میں بھی حصہ لوں گا تاکہ کوئی نوجوان پلیئر میری طرح غلطی نہ کر سکے۔

آئی سی سی جنرل منیجر ایلکس مارشل کا کہنا ہے کہ میں دیانتداری سے کہنا چاہتا ہوں شکیب الحسن ایک ورلڈ کلاس پلیئر ہیں، انہوں نے میرے زیر سالہ تعلیمی سیشن میں حصہ لیا ہوا ہے، تحقیقات کے دوران انہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف بھی کیا ہے۔