ٹی 20 سیریز برابر کرنیکا سنہری موقع، پاکستان اور آسٹریلیا آج مدمقابل ہونگے

Last Updated On 08 November,2019 09:56 am

پرتھ: (دنیا نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کا تیسرا اور آخری معرکہ آج پرتھ کے اوپٹس سٹیڈیم میں ہوگا، پاکستانی ٹیم کی اولین ترجیح یہی ہوگی کہ وہ کامیابی کی بدولت سیریز برابر کر دے۔

گزشتہ روز بھرپور ٹریننگ سیشن کے دوران پاکستانی کوچنگ سٹاف نے کھلاڑیوں کا کھیل بہتر بنانے پر توجہ مرکوز رکھی، مصباح الحق نے بیٹسمینوں اور وقار یونس نے باؤلرز کو کامیابی کے گر سکھائے۔

پاکستانی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اس بات کا اعتراف کیا کہ اوپٹس سٹیڈیم کی وکٹ فاسٹ باؤلرز کیلئے مدد گار ثابت ہو گی اور انہوں نے اس سخت چیلنج کا سامنا کرنے کی تیاری کرلی ہے لیکن کامیابی کیلئے بیٹنگ لائن کو بھی رنزکرنا ہوں گے۔

ایک سوال کے جواب میں وہاب ریاض نے سابق کپتان سرفراز احمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ بھی کافی اچھے کھلاڑی ہیں لیکن ان کی موجودہ فارم اچھی نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی ابتدائی تین وکٹیں اہم ہیں جن کا جلد گرایا جانا کامیابی کی ضمانت ہوگا۔