پرتھ: (روزنامہ دنیا) پاکستان کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی کے ساتھ آسٹریلین کرکٹ ٹیم دو ہزار انیس کا خاتمہ کسی شکست کے بغیر کرنے میں کامیاب رہی اور کینگرو کپتان آرون فنچ کا کہنا ہے کہ ٹیم کی حیثیت سے کھیل میں بہتری کا سلسلہ جاری رکھنا انتہائی اہم بات ہے۔
پاکستانی کپتان بابر اعظم سے دوستانہ انداز سے ہاتھ ملانے کے بعد گزشتہ روز آرون فنچ کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے ساتھی کھلاڑیوں پر فخر ہے جنہوں نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران جس انداز سے بہترین کرکٹ کھیلی اسے متاثر کن بھی کہا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور ٹیم ان کی ٹیم میں بہتری سب سے اہم بات ہے کیونکہ اسپنر ایشٹن اگر نے سری لنکا اور پھر پاکستان کیخلاف جس عمدگی سے بالنگ کی وہ ایک غیر معمولی بات تھی اور وہ ایڈم زمپا کے ساتھ مل کر حیران کن کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوئے اور سب سے اہم بات یہ تھی کہ انہوں نے اسپن بالنگ کھیلنے والے معیاری بیٹسمینوں کیخلاف یہ کارنامہ انجام دیا۔
کینگرو کپتان کے مطابق فاسٹ بالرز نے بھی پاور پلے میں غیر معمولی کھیل پیش کیا اور سیریز میں مچل سٹارک جبکہ آخری میچ میں شان ایبٹ اس حوالے سے نمایاں رہے جبکہ دونوں حالیہ سیریز میں ٹاپ تین بیٹسمین کامیابی کے ساتھ رنز کے حصول میں کامیاب رہے جس کے سبب انہیں آئندہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے بہترین آغاز مل گیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس آسٹریلین ٹیم کا مزید کوئی ٹی ٹوئنٹی میچ نہیں جس نے دو ہزار انیس کا ناقابل شکست انداز سے خاتمہ کر کے ورلڈ کپ کیلئے خود کو فیورٹ بنا لیا ہے ۔