لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جمعہ سے ایڈیلیڈ میں شروع ہو گا، قومی کھلاڑیوں نے تیاریاں مکمل کر لیں، کپتان اظہر علی نے ٹیم میں تبدیلیوں کا عندیہ دیتے ہوئے جیت پر نظریں جما لیں۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ میں ٹیسٹ سیریز کا دوسرا کڑا امتحان کیلئے آسٹریلیا اور پاکستان ایک مرتبہ پھر مد مقابل ہونگی۔ گلابی گیند اور مصنوعی روشنیوں کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے شروع ہو گا۔
قومی کھلاڑیوں نے تیاریاں مکمل کر لیں، پلان بھی فائنل کر لیا گیا، بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی خوب پریکٹس کر لی۔ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں ایک صفر کے خسارے کا شکار ٹیم پاکستان نے ہار کا بار اتارنے کی ٹھان لی، کپتان اظہر علی نے تو جیت کے لیے نئی حکمت عملی بلکہ تبدیلی کی خبر دے دی۔
ایڈیلیڈ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان اظہر علی نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں سب کھلاڑی پرجوش ہیں اور وہ مثبت انداز میں ہی میدان میں اتریں گے۔ ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کو مختلف حکمت عملی کے ساتھ اور پہلے سیشن کو آخری سیشن سمجھ کر کھیلنا پڑتا ہے۔
اظہر علی نے کہا کہ ڈریسنگ روم کے موجودہ مثبت ماحول کا فائدہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہو گا، اگرچہ برسبین ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ا لیکن تیسرے اور چوتھے روز بولروں اور بیٹسمینوں نے فائٹ کیا۔
کپتان اظہر علی نے ٹیم میں تبدیلیوں کے حوالے سے کہا کہ تمام کھلاڑی سلیکشن کے لیے دستیاب ہیں، ٹیم میں ضرور کچھ تبدیلیاں ہوں گی اور محمد عباس ایکشن میں ہوں گے۔
اظہر علی نے اپنے حوالے سے بتایا کہ وہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ امام الحق، شان مسعود کے ساتھ اوپننگ کریں گے جب کہ حارث سہیل کو جگہ خالی کرنا پڑے گی۔
اسی طرح اظہر علی نے پریس کانفرنس میں نسیم شاہ کو آرام دینے اور موسیٰ خان کی ٹیم میں شمولیت کا عندیہ بھی دیا اور کہا کہ نسیم شاہ نے اپنی بولنگ سے بہت متاثر کیا ہے لیکن ابھی اس کی عمر سولہ سال ہے اس لیے اس زیادہ دباؤ نہیں ڈالا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ کو محتاط طریقے سے ساتھ لے کر چلنا ہو گا، میرے خیال میں نسیم شاہ میں بہت ٹیلنٹ ہے اور وہ ایک شاندار بولر ہے۔ موسی خان بھی باصلاحیت ہیں اور امید ہے کہ انہیں بھی جب موقع ملے گا وہ اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔