لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کے بلے باز بابر اعظم کو اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کرانا چاہتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ کی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔ کسی کھلاڑی کی صلاحیت پر شک نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بابراعظم کو نمبر 4 پر بیٹنگ کرائی جائے: وزیراعظم عمران خان کا مشورہ
بابر اعظم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ہر فارمیٹ میں اچھا کھیل رہے ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں اب ان سے اوپر کے نمبروں پر بیٹنگ کرانا چاہتے ہیں، بابر کا بیٹنگ آرڈر میں نمبر اس وقت تبدیل کیا گیا جب وہ پرفارم نہیں کررہے تھے۔
یاد رہے کہ سابق لیجنڈ کپتان وسیم اکرم کا بھی کہنا تھا کہ مجھے وزیراعظم عمران خان نے پیغام بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بابر اعظم کو نمبر چار پر بیٹنگ کرائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان آسٹریلیا کیلئے سرپرائز ثابت ہو سکتا ہے: مکی آرتھر
ایک روز قبل انٹرویو کے دوران سابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا بھی کہنا تھا کہ بابر اعظم کو ٹیسٹ کرکٹ میں نمبر چار پر بیٹنگ کرائی جائے کیونکہ بیٹسمین میں باؤلرز کو تھکا دینے کی صلاحیت موجود ہے اور اس نمبر پر لمبی اننگز کھیل سکتے ہیں۔
اظہر علی نے کہا کہ محمد رضوان نے دلیرانہ اننگز کھیلی ہے ان کی اننگز ہم سب کے لیے مثال ہے۔
ٹیسٹ کپتان نے نسیم شاہ سے متعلق کہا کہ نسیم شاہ نے سب کی توجہ حاصل کی ہے، ان کو ابھی بہت احتیاط سے لے کر آگے بڑھنا ہوگا، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی باصلاحیت بولرز ہیں۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم برسبین سے ایڈیلیڈ پہنچ گئی ہے جہاں وہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ 29 نومبر سے کھیلے گی۔ اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو اننگز اور 5 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔