لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سبحان احمد اپنے عہدے سے دستبردار ہو گئے۔
دنیا نیوز کے مطابق سبحان احمد 9 برس پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی او او رہے۔ آج گورننگ بورڈ کے اجلاس میں اراکین کو سبحان احمد کی دستبرداری کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے درمیان اختلاف چل رہے تھے، جس کے بعد سبحان احمد نے استعفیٰ جمع کرا دیا،
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے استعفیٰ کے بعد وسیم اکرم عہدے کے دعویدار بن کر سامنے آگئے۔
دوسری طرف سبحان احمد کا کہنا تھا کہ 25 سال سے زائد پی سی بی سے منسلک رہنے کے بعد میں سمجھتا ہوں کہ آگے بڑھنے کے لیے مناسب وقت ہے، اس دوران پی سی بی کے ساتھ سفر شاندار رہا، بین الاقوامی فورمز پر پی سی بی کی نمائندگی کرنا اعزاز تھا۔
سبحان احمد کا کہنا تھا کہ تمام ساتھیوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے سفر میں میری راہنمائی اور مدد کی۔
چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا تھا کہ سبحان احمد کی پی سی بی کے لیے خدمات غیر معمولی رہی ہیں، انہوں نے پی سی بی میں عزت اور انٹیگریٹی کے ساتھ کام کیا، کمرشل معاہدوں میں بڑھ چڑھ کر کام کیا، پس منظر میں پی سی بی سے جانے کا افسوس ہے۔