لاہور: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور رنز مشین ہاشم آملہ نے پاکستان سپر لیگ میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل کی بہت تعریف سنی ہے، اس بار کھیل کر خود تجربہ کروں گا۔
یاد رہے کہ آملہ کے لیے 2019 کا ورلڈ کپ اچھا نہیں رہا تھا اور ورلڈکپ کے بعد اگست میں انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ آملہ نے
124 ٹیسٹ میچوں میں 46.64 کی ایوریج سے 28 سنچریوں کی مدد سے 9282 رنز بنانے والے کھلاڑی کا ریٹائرمنٹ کے بعد فوکس لیگز پر ہے، ان دنوں ابوظہبی میں ہونے والی ٹی 10 لیگ میں شرکت کر رہے ہیں جبکہ کاؤنٹی کرکٹ کے لیے انگلینڈ میں سکونت اختیار کر رہے ہیں۔
36 سالہ سابق جنوبی افریقی کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے، جن کھلاڑیوں نے بھی پی ایس ایل میں شرکت کی ہے اور میری ان سے بات ہوئی ہے تو انہوں نے پی ایس ایل کو شاندار قرار دیا اور لیگ کے معیار کو بھی اعلیٰ کہا ہے۔
ہاشم آملہ کا کہنا تھا کہ چند برسوں میں پی ایس ایل کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے لیکن اس مرتبہ پی ایس ایل کھیلوں کا اور خود پی ایس ایل کھیل کر تجربہ کروں گا۔
واضح رہے کہ ہاشم آملہ جنوبی افریقا کی جانب سے ٹرپل سنچری بنانے والے واحد بیٹسمین ہیں، انہوں نے 2012ء میں انگلینڈ کے خلاف 311 ناٹ آوٹ رنز بنائے۔ ہاشم آملہ نے 181 ون ڈے میچز میں 27 سنچریوں کے ساتھ 8113 رنز بنائے اور انہیں 44 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا بھی تجربہ ہے۔
ہاشم آملہ نے فاف ڈپلیسی کی قیادت میں 2017 میں ورلڈ الیون کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا اور انہوں نے لاہور میں تین میچز کھیلے۔
باریش بیٹسمین کا کہنا ہے کہ 2017ء میں پاکستان کا دورہ اچھا تھا، وقت اچھا گزرا لوگوں نے شاندار میزبانی کی، اب بھی موقع ملتا ہے تو میں پاکستان ضرور آؤں گا۔