مصروف شیڈول: جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ کی دورہ پاکستان سے معذرت

Last Updated On 14 February,2020 05:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) کرکٹ ساؤتھ افریقا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ نہیں کر سکیں گے تاہم انہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ٹیم جلد از جلد پاکستان بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کے ساتھ سیریز کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ سیریز کے حوالے سے پروٹیز کرکٹ کے شعبہ سکیورٹی کے سربراہ کی آمد کے منتظر ہیں۔ یہ سیریز راولپنڈی میں کھیلے جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کا جنوبی افریقا کیخلاف سیریز راولپنڈی میں کھیلنے کا فیصلہ

پی سی بی کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان مجوزہ تین ٹی ٹونٹی میچز آئندہ سال جنوری میں شیڈول دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کا حصہ نہیں تھے۔

کرکٹ جنوبی افریقا نے کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کا جائزہ لینے کے بعد جمعہ کی دوپہر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کیا اور دورے سے معذرت کر لی ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم آئندہ ماہ جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم کی میزبانی کے خواہشمند تھے مگر ہم اس ضمن میں کرکٹ جنوبی افریقا کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، کھلاڑیوں کے ورک لوڈ کو پیش نظر رکھنا کسی بھی کرکٹ بورڈ کی اوّلین ترجیح ہوتی ہے اور اس حوالے سے یہ فیصلہ قابل فہم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ پاکستان: جنوبی افریقی بورڈ تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے پر غور کرنے لگا

ان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ کرکٹ جنوبی افریقا محدود فارمیٹ کی اس سیریز کا اہتمام جلد از جلد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اب دونوں بورڈز سیریز کی نئی تاریخوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ایف ٹی پی میں خالی ونڈو تلاش کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کا انعقاد ملک بھر میں موجود مداحوں کو کھیل سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ ملک میں انٹرنیشنل میچز کو مستقل بنیادوں پر انعقاد کو بھی یقینی بنائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے لیگ کے تمام میچز لاہور اور کراچی میں منعقد کرانا زیادہ آسان تھا مگر ہم اس کھیل کو ان دو شہروں تک محدود نہیں رکھنا چاہتے، ملک میں کرکٹ کے لیے زیادہ سے زیادہ وینیوز تیار کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے ہمیں کھیل کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانا ہے۔

حال ہی میں سری لنکا اور بنگلا دیش کی ٹیسٹ ٹیموں کی میزبانی کرنے والا پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی اس مرتبہ آٹھ میچ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کر رہا ہے، راولپنڈی میں ان آٹھ میچز کا انعقاد اس لیے بھی اہم ہے کہ لیگ کے بعد اس وینیو کو جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرنی ہے۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ سیریز کے حوالے سے ابھی مشاورت جاری ہے، تاہم امید ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں ہم کسی موثر نتیجہ پر پہنچ جائیں گے، جنوبی افریقا سیریز کے حوالے سے ہمیں کرکٹ ساؤتھ افریقا کے شعبہ سکیورٹی کے سربراہ کی آمد کے منتظر ہیں، سپر لیگ 2020ء کے ابتدائی دنوں میں ان کی پاکستان آمد متوقع ہے، ہمارے پاس مختلف مقامات کے لیے سکیورٹی پلان تیار ہیں۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقی بورڈ دورہ کے حوالے سے مطمئن ہیں، تاہم لاجسٹک اعتبار سے ہمیں اسے آسان اور موثر بنانے کی ضرورت ہے، جنوبی افریقا کا دورہ بھارت 18 مارچ کو ختم ہو گا جبکہ پی ایس ایل کا فائنل 22 مارچ کو شیڈول ہے لہذا مہمان ٹیم کا بھارت سے جنوبی افریقا جانا اور پھر پاکستان آنا ممکن نہیں ہو گا۔
 

Advertisement