لاہور: (ویب ڈیسک) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کا میدان سجنے میں محض 2 روز باقی رہ گئے ہیں۔ ایونٹ میں شریک تمام فرنچائزز نے لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا ٹائٹل جیتنے کے لیے تیاریاں تیز کردیں ہیں۔
20 فروری سے شروع ہونے والے ایونٹ کے پہلے 2 میچز کراچی اور تیسرا لاہور میں کھیلا جائے گا۔ لہٰذا ابتدائی میچوں میں شرکت کی غرض سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی ،کراچی کنگز، اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں کراچی جبکہ ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریکٹس کررہی ہیں۔
تمام ٹیموں کے ہیڈ کوچز نے ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کا عزم کررکھا ہے۔ ٹائٹل کے حصول کی دوڑ میں شامل تمام ہیڈ کوچز نے اپنے اپنے اسکواڈز کو متوازی اور بہترین قرار دیا ہے۔ وہ لیگ کے پہلی مرتبہ پاکستان میں تاریخی انعقاد کو یادگار بنانا چاہتے ہیں۔
دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ابتداء سے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کوچ مقرر ہیں۔ لیگ میں سب سے بہترین جیت کا تناسب رکھنے والی ٹیم کے ہیڈ کوچ معین خان ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے پراعتماد ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان کا کہنا ہے کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہترین ہیں جو گلیڈی ایٹرز کے لیے ٹائٹل کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی اہم ٹورنامنٹ ہے، یہاں سے حاصل ہونے والا مفید تجربہ مستقبل میں ان کے لیے معاون ثابت ہوگا۔
معین خان کا کہنا تھا کہ فاسٹ باؤلرز نسیم شاہ اور محمد حسنین کے علاوہ ،وہ اعظم خان کا شمار بھی کوئٹہ کے تین بہترین کھلاڑیوں میں کرتےہیں۔ انہوں نے کہاکہ تینوں نوجوان کرکٹرز باصلاحیت ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ہیڈ کوچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ اور محمد حسنین کی تیز رفتار باؤلنگ حریف کھلاڑیوں کے لیے مشکلات کا سبب بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کے پاس بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ ہے جس کا فائدہ اٹھانے کی پوری کوشش کریں گے۔
معین خان کا کہنا تھا کہ اعظم خان ایک شاندار ہارڈ ہٹر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہر سال انہیں اسکواڈ میں شامل کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح اعظم خان نیٹس میں پریکٹس کررہے ہیں،انہیں یقین ہے کہ وہ موقع ملنے پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
محمد اکرم بھی ایچ بی ایل پی ایس ایل کی ابتداء سے پشاور زلمی سے منسلک ہیں۔ وہ گذشتہ چار ایڈیشنزسے پشاور زلمی کی ہیڈ کوچنگ کے فرائض انجام دینے کےبعد اب پانچویں ایڈیشن میں بھی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے تیار ہیں۔
پشاور زلمی کی ایڈیشن 2017 کے ٹائٹل میں کامیابی کی ایک بڑی وجہ ہیڈ کوچ محمد اکرم کی مؤثر حکمت عملی تھی۔
ہیڈ کوچ پشاور زلمی محمد اکرم پراعتماد ہیں کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے لیے منتخب کردہ متوازی اسکواڈ ایونٹ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ محمد اکرم نے کہاکہ تاحال لیگ کے بہترین بلے باز کامران اکمل اور بہترین باؤلر وہاب ریاض کو اسکواڈ میں برقرار رکھناپشاور زلمی کی ٹائٹل جیتنے سے متعلق حکمت عملی کا واضح اشارہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں سے ایونٹ میں بہترین کارکردگی کی توقع ہے تاہم انگلینڈ کے 21 سالہ جارحانہ مزاج بلے باز ٹام بنٹن کی اسکواڈ میں شمولیت خوش آئند ہے۔ انہیں یقین ہے کہ ٹام بنٹن پشاور زلمی اور دیگر ٹیموں کے درمیان ایک واضح فرق ثابت ہوں گے۔
محمد اکرم کا کہنا تھا کہ نوجوان کرکٹرز محمد محسن اور حیدرعلی بھی اسکواڈ میں بہترین اضافہ ہے اور انہیں ٹام بنٹن کے بعد ان دو کرکٹرز کی جانب سے عمدہ کارکردگی کا یقین ہے۔
دونوں کھلاڑیوں نے گذشتہ سال بنگلہ دیش میں کھیلے گئے آئی سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ پاکستان نے ایونٹ کے فائنل میں بنگلہ دیش کو شکست دی تھی۔
حیدر علی حال ہی میں آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ پاکستان نے ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔
ڈین جونز پہلی مرتبہ ایونٹ میں کراچی کنگز کی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ ڈین جونز اس سے قبل لیگ کے ابتدائی 4سال اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ رہے۔
ڈین جونز کا کہنا ہےکہ کراچی کنگز کےاسکواڈ میں شامل 4 مقامی کرکٹرز ایسے ہیں جو کنگز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور ہیڈ کوچ وہ اویس ضیاء، ارشد اقبال، عمر خان اور اسامہ میر کی صلاحیتوں کے مداح ہیں۔
ڈین جونز کا کہنا تھا کہ اویس ضیاء کی جارحانہ بلے بازی محدود طرز کی لیگ میں انتہائی اہمیت کی حامل ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان فاسٹ باؤلر ارشد اقبال جبکہ اسپنرز عمر خان اور اسامہ میربھی کراچی کنگز کا اثاثہ ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں شرکت ان نوجوان کھلاڑیوں کے کیرئیر میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کھلاڑیوں کو فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی بھرپور نمائندگی کا موقع ملنا چاہیے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ 2 مرتبہ ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔ مصباح الحق ٹیم کو تیسری مرتبہ ٹائٹل جتوانے کے لیے پرعزم ہیں۔ مصباح الحق پہلی مرتبہ لیگ میں کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ وہ ابتدائی3 ایڈیشنز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کرچکے ہیں۔ گذشتہ ایڈیشن میں مصباح الحق نے پشاور زلمی کی جانب سے بطور مینٹور پلیئر شرکت کی تھی۔
مصباح الحق کا کہنا ہےکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں شامل تمام کرکٹرز باصلاحیت ہیں،وہ کسی تین کھلاڑیوں کے نام لینے کے بجائے پورے اسکواڈ پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی اپنے کردار سے بخوبی واضح ہیں اور انہیں امید ہےکہ تمام کرکٹرز ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
مصباح الحق نے کہا کہ انہیں یقین ہےکہ اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری مرتبہ ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ لیوک رونکی لیگ میں سب سے بہترین اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ خطرناک ترین کھلاڑی ہیں، لیوک رونکی اور آصف علی کی موجودگی میں اسلام آباد کی بیٹنگ لائن اپ ایونٹ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کولن منرو، کولن انگرام اور ڈیل اسٹین کو ایکشن میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔ مصباح الحق نے کہا کہ ڈیل اسٹین پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں شرکت کررہے ہیں۔ ا نہوں نے کہاکہ ڈیل اسٹین کی ایونٹ میں شرکت اسلام آباد یونائیٹڈ اور اسکواڈ میں شامل نوجوان فاسٹ باؤلرز کے لیے مفید ثابت ہوگی۔
اینڈی فلاور ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں پہلی مرتبہ ملتان سلطانز کی کوچنگ کریں گے۔ وہ لیگ کے پہلے ایڈیشن میں پشاور زلمی کے اسپورٹ اسٹاف کا حصہ تھے۔
ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاورکا کہنا ہےکہ اسکواڈ میں شامل دو کرکٹرز روحیل نذیر اور محمد الیاس سلطانز ڈویلمپنٹ پروگرام کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ دونوں کھلاڑی لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ روحیل نذیر ایک بہترین وکٹ کیپر بیٹسمین ہیں۔ انہوں نے آئی سی سی انڈر19ورلڈکپ 2020کے سیمی فائنل میں بھارت کے خلاف روحیل نذیر کی اننگز کو عمدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وکٹ کیپر بیٹسمین، مستقبل کے بہترین کھلاڑی ثابت ہوں گے۔ انہوں نےمزید کہاکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنا روحیل نذیر کے لیے مفید ثابت ہوگا۔
محمد الیاس کی اسکواڈ میں موجودگی پر اینڈی فلاور کا کہنا تھا کہ نوجوان فاسٹ باؤلر بہترین یارکر، آؤٹ سوئنگ اور سلو گیند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ محمد الیاس ملتان سلطانز کی باؤلنگ لائن اپ کا اہم ہتھیار ثابت ہوں گے۔
Head coaches identify their potential star performers for the #HBLPSLV. More: https://t.co/pSnLtVmhSk #TayyarHain
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 18, 2020
عاقب جاوید گزشتہ 2ایڈیشنزسے لاہور قلندرز کی کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ عاقب جاوید ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں تیسری مرتبہ لاہور قلندرز کی کوچنگ کریں گے۔
لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن سے قبل ڈرافٹ کے بعد ہمیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ عاقب جاوید نے کہاکہ ان کی حکمت عملی ،لاہور قلندرز کے لیے بڑے ناموں کی بجائے بہترین اور باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ متوازی بیٹنگ اور باؤلنگ کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کرس لین اور فخر زمان جیسے جارحانہ مزاج بلے بازوں کی موجودگی لاہور قلندرز کی بیٹنگ لائن اپ کا خاصہ ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ مڈل آرڈر میں محمد حفیظ اور بین ڈنک جیسے بلے باز میچ کا پانسہ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ لیگ کے دوران محمد حفیظ اور کرس لین سمیت سکواڈ میں شامل 4 کھلاڑیوں کی کارکردگی لاہور قلندرز کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے،جس میں دیگر 2 کھلاڑی شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف ہیں۔
ہیڈ کوچ لاہور قلندرز نے کہاکہ دونوں فاسٹ باؤلرزپاکستان کی پچز کو بخوبی جانتے ہیں اور محدود طرز کی کرکٹ میں ان کا تجربہ لیگ کے دوران قلندرز کے لیے ایک مؤثر ہتھیار کی مانند ہوگا۔