پاکستان سپر لیگ 2020ء: اسلام آباد کیخلاف جیسن رائے اور واٹسن اوپننگ کرینگے: سرفراز احمد

Last Updated On 19 February,2020 06:49 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پہلے میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں شین واٹسن اور جیسن رائے اوپننگ کرینگے۔ ایونٹ کا اچھا آغاز کرنا چاہتے ہیں

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلا ٹارگٹ پی ایس ایل میں پرفارمنس ہے، فاسٹ باؤلر نسیم شاہ سے امیدیں ہیں وہ باصلاحیت بولر ہیں، ان کی فٹنس پر کام ہورہا ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ عوام پی ایس ایل کی ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کررہے ہیں، 4 سال سے بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں، کوشش ہے اعزاز کا دفاع کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جہانگیر خان سے فٹنس ٹپس لے رہے تھے، پی ایس ایل میرے لیے اہم ہے، پوری توجہ پرفارمنس پر ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے لیکن محمد سمیع کو مس کر رہے ہیں، بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل چکا ہوں اس لیے کپتانی کا دباؤ نہیں ہے۔

شاداب خان کا مزید کہنا تھا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کوعلم ہے کرکٹ پاکستان میں پسند کی جاتی ہے،غیر ملکی پلیئرز پاکستان میں کھیلنے کے لیے بے قرار ہیں۔

کوئٹہ اور اسلام آباد کے کپتان ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ایونٹ کا پہلا میچ کل کوئٹہ اور اسلام آباد کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا پانچواں ایڈیشن رنگا رنگ تقریب کے ساتھ جمعرات سے کراچی میں شروع ہو گا، افتتاحی تقریب شام 6 بجکر 45 منٹ پر منعقد ہوگی جس میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔

350 فنکار فن کا جادو جگائیں گے، گلوکار اپنی آواز اور فنکار اپنے فن اور رقص سے تقریب کو چار چاند لگائیں گے، تقریب میں سیاسی و سماجی سخصیات سمیت چیئرمین پی سی بی احسان مانی، تمام فرنچائز کے مالکان اور تمام ٹیموں کے کپتان شرکت کریں گے۔

افتتاحی تقریب میں فنکار پاپ، راک، صوفی اور علاقائی موسیقی سے شائقین کے جوش کو دوبالہ کریں گے، معروف گلوکار راحت فتح علی خان، ابرار الحق، سجاد علی، صنم ماروی، آئمہ بیگ، ابو محمد، فرید ایاز، سوچ بینڈ، عارف لوہار، علی عظمت، عاصم اظہر اور ہارون اپنی آواز کا جادو جگائیں گے۔

افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔ پی ایس ایل فائیو میں 10 لاکھ امریکی ڈالر کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے، لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے اور یہ پہلی مرتبہ ہوگا جب پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان کی سرزمین پر کھیلے جائیں گے۔ 2016ء سے شروع ہونے والی لیگ درجہ بدرجہ پاکستان منتقل ہوئی۔

لیگ کے پہلے ایڈیشن کے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے تاہم ایونٹ کے دوسرے ایڈیشن میں ٹورنامنٹ کو پاکستان لانے کا آغاز کیا گیا تھا۔ لیگ میں دنیا بھر کر نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئینگے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ جاری ہے، مہمان کھلاڑی کے تحفظ کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔

شاندار افتتاحی تقریب کے بعد رات 9 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان افتتاحی میچ کا آغاز ہوگا۔ 21 فروری کو سہ پہر 3 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔

رات 8 بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پہلی مرتبہ لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما ہونگی جن کے درمیان 34 میچز مخلتف وینیو پر کھیلے جائیں گے۔

ابتدائی میچ 20 فروری کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا، لیگ میں شامل 6 ٹیموں جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان کرینگے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سرفراز احمد کرینگے، کراچی کنگز کی کمان عماد وسیم کو سونپی گئی ہے ، لاہور قلندرز سہیل اختر کی زیر قیادت میدان میں اترے گی، پشاور زلمی کی قیادت ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی ڈیرن سمی کرینگے جبکہ ملتان سلطانز ٹیم کی قیادت شان مسعود کرینگے۔

لیگ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں مکمل کر لیں گئی ہیں۔ لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل لیگ کے پہلے ایڈیشن کے افتتاحی میچ میں بھی مدمقابل آئی تھیں۔

لیگ میں دنیا بھر کے نامور کرکٹرز شرکت کررہے ہیں۔ امید کی جاری ہے کہ لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں بھی مداحوں کو سنسنی سے بھر پور میچز دیکھنے کو ملیں گے۔ 21 فروری کو سہ پہر 3 بجے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ رات 8 بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔