پی ایس ایل 2020ء : لاہور قلندرز کو ہوم گراؤنڈ پر ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست

Last Updated On 21 February,2020 11:30 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو ہوم گراؤنڈز پر با آسانی شکست دیدی۔

 

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں ملتان سلطان کے کپتان شان مسعود نے لاہور قلندر کے خلاف پہلے ٹاس جیت کر باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور قلندرز کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے کرس لائن نے کیا جبکہ ملتان سلطان کی طرف سے پہلا اوور سہیل تنویر نے کیا۔

 فخر زمان اور کرس لائن نے ابتداء سے ہی جارحانہ اننگز کھیلنے کو ترجیح دی اور وکٹ کے چاروں اطراف شاندار شارٹس کھیلے۔ لاہور قلندرز کو پہلا نقصان کرس لائن کی صورت میں اٹھانا پڑا جب آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے بیٹسمین 19 گیندوں پر 39 رنز بنا کر معین علی کی گیند پر شان مسعود کو کیچ تھما بیٹھے۔

 فخر زمان بھی جلد بازی میں اسی اوور میں معین علی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے باؤنڈریز پر خوشدل شاہ کو کیچ دیا۔ بیٹسمین نے 14 گیندوں پر 19 رنز کی اننگز کھیلی۔ بین ڈنک ساتویں اوور میں رن آؤٹ ہو گئے انہوں نے تین رنز بنائے۔

 محمد حفیظ نے ایکسٹرا کور پر موجود حریف کپتان شان مسعود کو کیچ تھما کر اپنی وکٹ گنوا، انہوں نے 22 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں ڈی جے ولاس 19، سہیل اختر 34، ڈی وائز 3، شاہین آفریدی 2 جبکہ حارث رؤف کوئی رنز نہ بنا سکے۔

لاہور قلندرز نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنائے۔ عمران طاہر، معین علی اور محمد الیاس نے دو،دو جبکہ سہیل تنویر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی طرف سے اوپننگ کے لیے کپتان شان مسعود اور جیمز وینس نے کیا۔ دونوں نے عثمان خان شنواری کے پہلے ہی اوور میں خوب دھلائی کی۔ شنواری کو پہلے اوور میں 16 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی۔

ملتان سلطانز کی پہلی وکٹ تیسرے اوورز میں گری، جب شاہین شاہ آفریدی نے جیمز وینس کو 24 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین بھیجا، انہوں نے 18 رنز کی اننگز کھیلی اور شاہین کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

معین علی ملتان سلطانز کی طرف سے ون ڈاؤن بیٹسمین کے طور پر آئے اس دوران انہوں نے دو خوبصورت چوکے بھی لگائے، تاہم 43 کے مجموعی سکور پر معین علی 11 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر رن آؤٹ ہو گئے۔

ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود 85 کے مجموعی سکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 29 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی اور وائز کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

13 ویں اوورز میں 103 کے مجموعی سکور پر سلطانز کی چوتھی وکٹ گری جب ذیشان اشرف 7 گیندوں پر 4 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر رن آؤٹ ہو گئے۔

116 کے مجموعی سکور پر ریلی روسو 28 گیندوں پر 32 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، باؤنڈریز پر موجود حارث رؤف نے شاندار کیچ تھاما۔

ملتان سلطانز نے 17 ویں اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ خوشدل شاہ 6 اور شاہد آفریدی نے 21 رنز بنائے۔ شاہین آفریدی اور ڈیوڈ وائز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔