پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو اعزازی شہریت دینے کا فیصلہ

Last Updated On 22 February,2020 01:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کی درخواست منظور کرلی۔ پاکستان کی جانب سے ڈیرن سیمی کو 23 مارچ یومِ پاکستان پر اعزازی شہریت دی جائے گی۔

 پی سی بی نے ٹوئٹر پراعلان کیا کہ پاکستان کیلئے خدمات پر ڈیرن سیمی کو اعزازی شہریت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ پی ایس ایل کے 5 ویں ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی کے دوران فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ڈیرن سیمی کیلئے صدر مملکت سے اعزازی شہریت کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پاکستان کیلئے کافی مثبت جذبات رکھتے ہیں اور انہیں اعزازی شہریت دی جائے۔

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اکثر سوشل میڈیا پر پاکستان سے محبت کا اظہار منفرد انداز میں کرتے رہتے ہیں اور پاکستانی شہری بھی ان کو بہت پسند کرتے ہیں اور ان کی محبت کا جواب والہانہ پیار سے دیتے ہیں۔ یہ کہنا غلط نہیں ہو گا کہ وہ پاکستانی مداحوں کی جانب سے سب سے زیادہ پیار سمیٹنے والے غیر ملکی کھلاڑی ہیں۔

واضح رہے کہ دو سال قبل چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے بھی ڈیرن سیمی کو پاکستانی شہریت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ڈیرن سیمی نے پاکستان کیلئے سفیر کا کام کیا ہے اس لئے ان کو پاکستان کی اعزازی شہریت دی جانی چاہئے۔