ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: پاکستان کا کل تھائی لینڈ کے ساتھ جوڑ پڑے گا

Last Updated On 02 March,2020 04:05 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) ویمن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان گروپ بی میں اپنا آخری میچ کل (بروز منگل) تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔

انگلینڈ اور ساوتھ افریقہ نے سیمی فائنل میں پہلے ہی رسائی حاصل کر لی ہے تاہم پاکستان اور تھائی لینڈ کے مابین میچ کھیلے جانیوالے میچ سے ان کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سیمی فائنل میں واپسی ممکن نہیں۔ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہونے کے باوجود پاکستانی ٹیم باقی ماندہ ساکھ بچانے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔

فاسٹ باولر ڈیانا بیگ نے ٹورنامنٹ کے گزشتہ میچز میں اچھی پرفارمنس دکھائی، انہوں نے 5.33 کے اکانومی ریٹ پر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اب وہ تھائی لینڈ کے خلاف کل کھیلے جانے والے میچ میں اپنی کارکردگی کے انمٹ نقوش چھوڑنا چاہتی ہیں۔  ان کے ساتھ ساتھ پاکستانی باولر ایمن انور نے بھی گزشتہ میچز میں اچھا کھیل پیش کیا، تاہم انہوں نے 8.75 کے نسبتا زیادہ اکانومی ریٹ پر 6 وکٹیں حاصل کیں۔

بلے باز جویریہ نے 106.49 سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 82 رنز بنائے، عالیہ ریاض نے 123.07 سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 80 سکور کئے۔ امید کی جا سکتی ہے کہ پاکستانی خواتین تھائی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ میں اچھا کھیل پیش کریں گی۔