پی ایس ایل 2020ء میں شریک غیر ملکی کھلاڑی اپنے وطن روانہ

Last Updated On 13 March,2020 10:37 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شریک غیر ملکی کھلاڑی اپنے وطن روانہ ہو گئے۔

پشاور زلمی کے ویسٹ انڈین کھلاڑی کارلوس بریتھویٹ، ملتان سلطانز کے رائیلی روسو بھی وطن روانہ ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے الوداعی بیان میں روسو کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے پی ایس ایل کا مزید حصہ نہیں ہوں گا، ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، پاکستانیوں کی میزبانی پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پی ایس ایل میں شرکت یادگار تجربہ رہا۔

دوسری طرف مزید غیر ملکی کھلاڑی روانگی کے لئے پر تولنے لگے ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈیل سٹین، لیوک رونکی اور کولن منرو کل ہی اپنے ملک روانہ ہونگے۔

کراچی کنگز کے ایلکس ہیلز،ملتان سلطانز رائیلی ک  جیمز ودنس روانگی کے لیئے تیار ہیں، پشاور زلمی کے کوچ جیمز فوسٹرلوئس گریگری اور لیام لیونگ سٹون نے بھی ٹکٹ پکا کروالیا، کوئٹہ گلیڈٰ ایٹرز جیسن رائے اور ٹائمل ملز اپنے اپنے گھروں کو کل روانہ جائیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ٹیمیں انٹرنیشنل پلیئرز کے بجائے مقامی کھلاڑیوں کو لے سکتی ہیں۔

پشاور کی ٹیم میں حماد اعظم کو شامل کیے جانے کا امکان ہے اور پی ایس ایل کے نئی پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق ٹیمیں مقامی کھلاڑیوں کو شامل کرسکتی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ فائیو میں شامل تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کو واپس جانے کی پیشکش کی تھی۔

پی سی بی اور پی ایس ایل مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ جو غیر ملکی کھلاڑی واپس اپنے ملک جانا چاہتے وہ جا سکتے ہیں۔

پی سی بی کا کہنا ہے قانون کے مطابق تمام ٹیموں کو متبادل کھلاڑیوں کے انتخاب کی اجازت ہو گی، جس کی منظوری ایونٹ ٹیکنکل کمیٹی دے گی۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے شیڈول میں تبدیلی کردی ہے اور ایونٹ کے پلے آف میچز کو سیمی فائنل اور فائنل میں تبدیل کر دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق شیڈول میں تبدیلی تمام ٹیموں کے مالکان کی رضامندی سے کی گئی ہے۔

پی سی بی کے فیصلے کے مطابق پی ایس ایل 2020 کو چار روز تک محدود کردیا گیا ہے اور نئے شیڈول کے مطابق اب 34 کی بجائے 33 میچز کھیلے جائیں گے۔

نئے شیڈول کے مطابق دونوں سیمی فائنلز 17 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس 125 سے زائد ملکوں تک پھیل گیا ہے، دنیا بھر میں ہونے والی اموات کی تعداد5 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔ دنیا بھر میں ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے،اب تک 70 ہزار سے زائد صحت یاب ہوچکے۔
 

Advertisement