لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز میچ کے بعد شکست دیدی۔ شاداب الیون ایونٹ کے پانچویں ایڈیشن سے باہر ہونے والی پہلی ٹیم بن گئی جبکہ کنگز سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔ اس سے قبل ملتان سلطانز سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کے 28 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے حریف ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے اننگز کا آغاز رضوان حسین اور انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے فل سالٹ نے کیا۔
اسلام آباد کی پوری ٹیم 136 رنز بنا سکی۔ حسین طلعت 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، دیگر بیٹسمینں میں رضوان حسین 17، سالٹ 25، شاداب خان 12، کولن انگرام 14، آصف علی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
فہیم اشرف نے 12 جبکہ ظفر گوہر نے 13 رناز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ کراچی کی طرف سے عمید آصف، کرس جورڈن، عماد وسیم، ارشد اقبال، افتخار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کیا۔
کراچی کنگز کے شرجیل خان نے شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے شروع سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور حریف باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلی کامیابی 5 ویں اوورز کی آخری گیند پر ملی جب شرجیل خان 60 سکور کے مجموعی سکور پر 14 گیندوں پر 37 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے اپنی اس اننگز میں 3 چوکے اور چار چھکے لگائے۔
اس سے اگلے اوورز میں شرجیل خان کے جانے کے بعد بابر اعظم بھی آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 20 گیندوں پر 19 سکور کی باری کھیلی اور محمد موسیٰ خان کی گیند بولڈ ہو گئے۔
کراچی کنگز کی تیسری وکٹ ڈیلپورٹ کی گری، بائیں ہاتھ کے بیٹسمین 24 گیندوں پر 11 سکور بنا کر شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ عماد وسیم 34 گیندوں پر 26 رنز بنا کر چلتے بنے۔ افتخار احمد کی باری ایک سکور تک محدود رہی۔
عمید آصف نے 13 جبکہ جورڈن نے 6 سکور کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، کراچی کنگز کی ٹیم نے ہدف آخری اوورز میں حاصل کر لیا۔ شاداب خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ رومان رئیس، عاکف جاوید، ظفر گوہر اور محمد موسیٰ نے ایک ایک شکار کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ: رضوان حسین، سالٹ، حسین طلعت، کولن انگرام، فہیم اشرف، محمد موسیٰ، شاداب خان (کپتان) ، رومان رئیس، ظفر گوہر اور عاکف جاوید
کراچی کنگز سکواڈ: عماد وسیم (کپتان)، بابر اعظم، شرجیل خان، کیمرون ڈیلپورٹ، چیڈوک والٹن، اسامہ میر، محمد عامر، عمید آصف، کرس جورڈن، افتخار احمد، ارشد اقبال