خواہش ہے کہ شاہد آفریدی کورونا سے جلد صحتیاب ہو جائیں، گوتم گمبھیر

Last Updated On 14 June,2020 07:38 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) سابق بھارتی بیٹسمین گوتم گمبھیر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ شاہد آفریدی جلد کورونا وائرس سے صحتیاب ہو جائیں۔

تفصیل کے مطابق سابق انڈٰین کھلاڑی گوتم گمبھیر نے اپنے تلخ رویہ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستانی آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی کورونا وائرس سے جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کسی کو بھی اس وائرس سے متاثر نہیں ہونا چاہیے۔اگرچہ میرے اور شاہد آفریدی کے درمیان سیاسی اختلافات ہیں لیکن میں چاہتا ہوں کہ وہ جلد از جلد اس مرض سے صحتیاب ہو جائیں۔

دوسری جانب سابق جنوبی افریقی کھلاڑی ہرشل گبز نے بھی اپنی ایک ٹویٹ میں شاہد آفریدی کو مشکل حالات میں حوصلہ دیا ہے جبکہ بنگلا دیش کے کھلاڑی مشفق الرحیم نے بھی اپنی ٹویٹ میں ان کیلئے دعا کی ہے۔

 

اپنی ٹویٹ میں مشفق الرحیم نے لکھا کہ ‘’ بھائی مجھے آپ کے بارے خبر پر بہت تکلیف ہوئی۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آپ کو جلد شفا دے۔ انشاء اللہ آپ جلد صحتیاب ہو جائیں گے۔  

یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا، آرمی چیف کا ٹیلیفون، خیریت دریافت کی 

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں، انہوں نے قوم سے دعا کی اپیل کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شاہد آفریدی نے تصدیق کی کہ ان کی جمعرات سے طبیعت خراب اور جسم میں درد ہے۔ بدقسمتی سے میرا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ قوم سے دعائے صحت کی اپیل ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سے رابطہ کرکے ان کی صحت بارے دریافت کیا ہے۔ انہوں نے قومی سٹار کی جلد سے جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ، آرام کرنے اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔

پاکستانی ٹیم کے سابق اور موجود کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے بھی اپنے دیرینہ ساتھی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

جن پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹویٹ کرکے شاہد آفریدی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ان میں شعیب اختر، شعیب ملک، محمد یوسف، مصباح الحق، احمد شہزاد، محمد حفیظ اور شاداب خان سمیت دیگر شامل ہیں۔

 

 

Advertisement