اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج معالجے کیلئے استعمال ہونے والی ادویات کی دستیابی کا یقین دلایا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا کے مریضوں کیلئے استعمال ہونے والے انجیکشنز Tocilizumab اور Remedesivir کی دستیابی یقینی بنا رہی ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ یہ ادویات مختلف ہسپتالوں کی ضروریات کو پورا کرنے کی غرض سے ایک تیز تر نظام کے زریعے شدید بیمار مریضوں میں تقسیم کی جائینگی۔
ڈاکٹر ظفرمرزا نے خبردار کیا کہ Actemra انجیکشن کی مہنگے داموں فروخت کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ Actemra(Tocilizumab) کے 80mg انجیکشن کی مقرر کردہ زیادہ سے زیادہ قیمت گیارہ ہزار 952 روپے فی بوتل ہے جبکہ Actemra 200mg انجیکشن کی قیمت29ہزار882 روپے اور Actemra 400mg انجیکشن وائل کی قیمت 59,764 روپے مقرر کی گئی ہے۔
معاون خصوصی برائے صحت نے مزید کہا کہ Drap ایکٹ 2012 کے مطابق زندگی بچانے والی ادویات کی اضافی قیمت وصول کرنے والے یا اسکی بلیک مارکیٹنگ کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ Actemra انجیکشن کی اضافی قیمت وصول کرنے کی صورت میں ڈرگ ریگیولیٹری اتھارٹی کے ٹول فری نمبر 0800-03727 پر اطلاع دینے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی۔