ڈھاکا: (ویب ڈیسک) خبریں ہیں کہ بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشرفی مرتضیٰ سمیت دو کھلاڑی نظم الاسلام اور نفیس اقبال کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرفی مرتضیٰ نے سوشل میڈیا پر وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک اپنے مداحوں کو بتایا کہ آج میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔ میری تمام افراد سے درخواست ہے کہ وہ دعا کریں کہ میں جلد صحتیاب ہو جاؤں۔
مشرفی مرتضیٰ نے کہا کہ ہم سب کو مزید محتاط ہونے کی ضرورت ہے کیونکہ بنگلا دیش میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھر پر رہیں۔ میں بھی گھر پر تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہا ہوں۔
خیال رہے کہ مشرفی مرتضیٰ کو بنگلا دیش میں رکن اسمبلی ہیں، اپنے حلقے کے لوگوں کی داد رسی میں مصروف تھے۔ خبریں ہیں کہ ان کی ساس اور دیگر رشتہ داروں میں بھی کورونا پایا گیا ہے۔
ادھر بنگلا دیش کرکٹڑ نفیس اقبال نے میڈٰیا کو بھیجے گئے آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میں کورونا وائرس کا شکار ہوں۔ کچھ دنوں سے مجھے بخار تھا۔ ٹیسٹ کروانے پر پتا چلا کہ میرے اندر کورونا موجود ہے۔ اس کے علاوہ سپنر نظم الاسلام نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ کورونا کا شکار ہو گئے ہیں۔