لاہور: (دنیا نیوز) انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی تیاریوں کے لیے کھیلا گیا انٹرا اسکواڈ چار روزہ پریکٹس میچ گرین ٹیم نے جیت لیا، اظہر علی نے 120 رنز کی کیپٹن اننگز کھیلی۔
ڈربی شائر میں انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ 4 روز بعد فیصلہ کن، اظہرعلی کی گرین ٹیم نے مدمقابل بابر اعظم الیون کو چھ وکٹ سے شکست دے دی، گرین ٹیم نے دوسری اننگز میں 354 رنز جوڑے، کپتان اظہر علی نے دس چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنائے، ناٹ آؤٹ پویلین واپس آئے۔
اسد شفیق نے بھی 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جارح مزاج اوپنر فخر زمان سنچری مکمل نہ کر سکے، نروس نائنٹی کا شکار ہو کر 99 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ چار روزہ میچ میں محمد رضوان سنچری میکر بنے جبکہ نسیم شاہ اور سہیل خان نے پانچ پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
قومی کھلاڑی بدھ سے روٹین کے دو پریکٹس سیشنز میں اِن ایکشن ہوں گے، پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز پانچ اگست سے شروع ہو گی۔