عمر اکمل کیس: پی سی بی کا کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کرنیکا فیصلہ

Last Updated On 10 August,2020 05:36 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ تصدیق کرتا ہے کہ وہ پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر عمر اکمل پر عائد پابندی میں کمی کے فیصلے کے خلاف سوئزرلینڈ کے شہر لوزین میں قائم کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کرے گا۔

یہ فیصلہ انڈیپینڈنٹ ایڈجوڈیکٹرکی جانب سے جاری کردہ تفصیلی فیصلے کا بغور جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے، جس کے مطابق ہمدردانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے عمر اکمل پر عائد پابندی کو 36 ماہ سے کم کرکے 18 ماہ تک محدود کیا گیا۔

پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ کی شق 7.5.4 کے تحت انڈیپینڈنٹ ایڈجوڈیکٹر کے فیصلے پر اپیل صرف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں ہی کی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر اکمل کا ڈیڑھ سالہ پابندی کی سزا کیخلاف دوبارہ اپیل کرنیکا اعلان

پی سی بی انسداد بدعنوانی سے متعلق معاملات کو بہت سنجیدگی سے لیتا ہے اور وہ اس حوالے سے اپنی زیروٹولیرنس پالیسی کو برقرار رکھے ہوئےہیں۔ پی سی بی کا ماننا ہے کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر انسداد بدعنوانی سے متعلق متعدد لیکچرز میں شرکت کرنے کے بعد عمر اکمل جیسا سینئر کرکٹر متعلقہ حکام کو رابطوں کے بارے میں آگاہ نہ کرنےکے نتائج سے بخوبی واقف تھا۔

پی سی بی کو عمر اکمل جیسے قدآور کرکٹر پر پابندی عائد کرتے ہوئے کوئی فخر نہیں ہوتا، لیکن ایک معتبر اور قابل احترام ادارے کی حیثیت سے ہمیں اپنے تمام اسٹیک ہولڈرزکو ایک واضح پیغام پہنچانے کی ضرورت ہے کہ ایسے کسی شخص سے ہمدردری کا مظاہرہ نہیں کیا جائے گا جوقواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: عمر اکمل کو بڑا ریلیف مل گیا، سزا میں ڈیڑھ سال کمی کر دی گئی

پی سی بی، کھیلوں میں بدعنوانی کے خلاف اپنے عزم کے تحت کھیلوں میں بدعنوانی کی روک تھام کے لیے قانون سازی سے متعلق مجوزہ مسودہ متعلقہ سرکاری احکام کو پیش کرچکا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی نے پاکستان میں موجودہ قانون سازی کا جائزہ بھی لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر اکمل کا تین سال کی سزا کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

اس مسودے میں پی سی بی نے بدعنوانی، غیرقانونی جوڑ توڑ، شرط، میچ اور اسپاٹ فکسنگ میں ملوث افراد کے لیے سخت سزائیں تجویز کرنے کے ساتھ ساتھ اس طرح کے جرائم میں مدد کرنے والوں پر جرمانے عائد کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔