پاکستان سپر لیگ میں میچ فکسنگ اور منی لانڈرنگ، 13 ملزمان پر فرد جرم عائد

Published On 25 September,2020 03:36 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ میں میچ فکسنگ اور منی لانڈرنگ کے مقدمےمیں عدالت نے 13 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔

کراچی کی مقامی عدالت میں پی ایس ایل کے دوران میچ فکسنگ اور منی لانڈرنگ کے مقدمے کی سماعت شروع ہوئی تو مقدمےمیں ملوث بین الاقوامی گروہ سے تعلق رکھنے والے 13 بکی ملزم کراچی کی عدالت میں موجود تھے۔

عدالت نے ملزموں پر فردجرم عائد کرتے ہوئے پر عائد الزامات پڑھ کرسنائے۔ تمام ملزموں نے مقدمے کی صحت جرم سےانکار کر دیا۔ عدالت نے جن ملزموں پر فرد جرعائد کی ہے ان میں فیصل چٹا، مریندر کمار ، نریش کمار ، محمد فیصل عرف بوفیلا، احمد الرمغان، حنیف شیخ، محمد جبار امین، آفتاب احمد عرف عاطف، وقاص عرف پرنس ، طلحہ صدیقی اور نعمان علی شامل ہیں۔

ایف آئی اے نے مقدمے کے چار چالان پیش کئے، پہلے چالان میں ملزم فیصل چٹا کے خلاف ٹھوس شواہد کی موجودگی ظاہر کی لیکن آخری چالان میں ملزم کو کلین چٹ دے کر بے گناہ قرار دے دیا۔ عدالت نےکلین چٹ سےمتعلق چالان مسترد کر کے تفتیشی افسر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔

پی ایس ایل 2020 میں بکیوں نے ایک کرکٹر سے بھی رابطہ کیا تھا، ملزموں پر الزام ہے کہ انھوں نے بین الاقوامی بکیوں کے گروہ کےساتھ مل کر پاکستان کی بدنامی کا پلان بنایا تھا، ملزموں کے قبضے سے موبائل فونز اور اہم شواہد بھی ملے ہیں۔ عدالت نے مقدمے کے گواہوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔