لاہور: (روزنامہ دنیا) ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 16 رنز سے شکست دے دی۔ دوسرے میچ میں ناردرن نے سندھ کو 13 رنز سے ہرا دیا۔
بلوچستان کے 231 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز ہی بناسکی۔ خوشدل شاہ نے 72 اور شان مسعود نے 72 رنز بنائے۔ بائیں ہاتھ کے دونوں بلے بازوں کی عمدہ بیٹنگ کے باوجود سدرن پنجاب کا کوئی اور بیٹسمین ٹیم کیلئے میچ فنش کرنے میں ناکام رہا۔
اس سے قبل بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز بنائے۔ امام الحق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسرے میچ میں ناردرن نے سندھ کو 13 رنز سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کے ذیشان ملک کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، ناردرن کی ٹیم نے دعوت ملنے پر پہلے کھیلتے ہوئے ذیشان ملک کے 84 رنز کی بدولت 204 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا۔ سندھ کی ٹیم مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز بناسکی۔