پی ایس ایل کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب، فنکاروں نے ماحول گرما دیا

Published On 20 February,2021 07:07 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی رنگارنگ افتتاحی تقریب ہوئی، تقریب کا آغاز قومی ترانے سے کیا گیا۔فنکاروں نے ماحول کو گرما دیا۔

پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب اس مرتبہ ترکی میں منعقد کی گئی اور اس سال یہ تقریب براہ راست نشر کرنے کے بجائے ریکارڈ کر کے نشر کی گئی، تقریب میں عاطف اسلم، نصیبو لال، آئمہ بیگ سمیت دیگر فنکاروں نے گانے گائے۔

تقریب کو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی کے میدان میں بڑی سکرینز جبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹیلی ویژن پر بھی نشر کیا گیا ہے۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی کو چوتھی بار پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کی میزبانی کرنے کا اعزاز حاصل ہورہا ہے۔ افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ایونٹ کا ابتدائی میچ کھیلا جائے گا۔

احسان مانی نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اگر حالات بہتر ہوتے ہیں تو زیادہ لوگوں کو اسٹیڈیم لانے کی اجازت مل سکے گی۔

 ان کا کہنا تھا کہ اگر ہمیں حکومت پاکستان، حکومت سندھ اور حکومت پنجاب کی مدد حاصل نہ ہوتی تو پی ایس ایل کے تمام میچز ان حالات میں کراچی میں کھیلنا ناممکن ہوتا اور میں خاص طور پر سیکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، مقامی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

چیئرمین پی سی بی نے ایونٹ میں شرکت کرنے والے غیرملکی بین الاقوامی کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آپ اپنے ساتھ یہاں قیام کی خوشگوار یادیں واپس لے کر لوٹیں گے اور ہم اگلے سال دوبارہ آپ کو خوش آمدید کہنے کے منتطر ہوں گے۔

انہوں نے ملک میں کھیل کے فروغ کے لیے بورڈ سے اشتراک کرنے پر تمام فرنچائزوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور ایونٹ میں شریک تمام چھ ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔