لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی نے اداکارہ ماہرہ خان کے بعد اداکارہ ہانیہ عامر کو بھی چھٹے سیزن کے لیے سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چھٹ سیزن ایک دن بعد 20 فروری سے شروع ہورہا ہے اور شائقینِ کرکٹ کو ایونٹ شروع ہونے کا بے صبری سے انتظار ہے۔
شائقین کے جوش و خروش کو مزید بڑھانے کے لیے پی ایس ایل کی اہم ترین ٹیم پشاور زلمی نے چند روز قبل ہر سال کی طرح اداکارہ ماہرہ خان کو اپنا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا تھا۔
پشاور زلمی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے 16 فروری کو ماہرہ خان کو سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ ٹیم کے مالک جاوید آفریدی نے بھی اپنی ٹوئٹ کے ذریعے اداکارہ کو سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ 6، ماہرہ خان پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسیڈر مقرر
اب پشاور زلمی نے اداکارہ ہانیہ عامر کو بھی پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کے لیے سفیر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پشاور زلمی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ہانیہ عامر کو پی ایس ایل 6 کے لیے پشاور زلمی کی سفیر مقرر کرنے پر ہمیں فخر ہے۔
We are also very proud to bring Hania Amir on board as Peshawar Zalmi s Ambassador for #PSL6@realhaniahehe#Yellowstorm #ZKingdom pic.twitter.com/P41SHyIhyG
— PeshawarZalmi (@PeshawarZalmi) February 19, 2021
اداکارہ ہانیہ عامر سال 2020 میں پشاور زلمی کے پی ایس ایل ترانے کا بھی حصہ تھیں۔
تاہم ہانیہ عامر کو پشاور زلمی کی سفیر مقرر کرنے کے بعد اب پی ایس ایل شائقین کی جانب سے یہ سوال کیا جارہا ہے کہ ترک اداکارہ اسرا بلگیچ کو برانڈ ایمبیسڈر مقرر کرنے کے حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ اعلان کیوں نہیں کیا گیا۔