لاہور: (ویب ڈیسک) پشاور زلمی کا شمار پاکستان سپر لیگ کی سب سے پسندیدہ ٹیموں میں کیا جاتا ہے اسے ایک مرتبہ پی ایس ایل کے چیمپئن بننے کا بھی اعزاز حاصل ہے، پشاور زلمی کا پاکستان سپر لیگ میں اب تک کا سفر بہت شاندار رہا ہے۔
کراچی کنگز کے بعد پشاور زلمی وہ واحد ٹیم ہے جسے پی ایس ایل کے تمام ایڈیشنز کے پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے، ایڈیشن 2017ء کی چیمپئن پشاور زلمی کی ٹیم سیزن 2021ء میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی اہلیت رکھتی ہے۔
پشاور زلمی نے ہمیشہ اپنے سکواڈ میں معروف اور ممتاز کھلاڑیوں کو شامل کیا، یہی وجہ ہے کہ متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے لیگ کے ابتدائی چاروں ایڈیشنز میں پٹھان برادری کی ایک بڑی تعداد ٹی ٹونٹی سپیشلسٹ شاہد آفریدی اور دو مرتبہ کی ورلڈ ٹی ٹونٹی چیمپئن ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی کو دیکھنے سٹیڈیم کا رخ کرتے تھے۔
حتیٰ کہ آخری سیزن میں شاہد آفریدی ملتان سلطانز کے سکواڈ میں شامل تھے، ڈیرن سیمی پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ مقرر ہو چکے ہیں اس کے باوجود بھی تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد صرف پشاور زلمی کو سپورٹ کرنے میدان کا رخ کرتی تھی، اس وقت فرنچائز کی قیادت پشاور زلمی کے سپرد تھی۔
پشاور زلمی کے موجودہ سکواڈ میں بھی دو تجربہ کار شعیب ملک اور کامران اکمل موجود ہیں جبکہ وہاب ریاض اس ایڈیشن میں بھی زلمی کی قیادت کر رہے ہیں۔ وکٹ کیپر کامران اکمل پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے کامیاب بیٹسمین ہیں ، وہ لیگ کے 56 میچز میں 157 رنز بنا چکے ہیں، اس دوران وہ تین سنچریاں بھی بنا چکے ہیں تاہم وہ گزشتہ ایڈیشن میں خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے تھے، انہوں نے اس ایڈیشن میں صرف 251 رنز بنائے تھے۔ شعیب ملک نے گزشتہ ایڈیشن میں تین نصف سنچریاں بنائی تھیں۔
اُدھر ابھرتے ہوئے نوجوان کرکٹر حیدر علی نے بھی گزشتہ ایڈیشن میں 239 رنز بنائے تھے۔ اور اب تو ان کے پاس ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کا تجربہ بھی ہے، لہذا پشاور زلمی کی ٹیم مینجمنٹ کو نوجوان بیٹسمین سے مزید بہتر کارکردگی کی امید ہے۔
The Zalmi storm clouds are gathering. How ominous is Peshawar looking for #HBLPSL6? Check out our preview here: https://t.co/SBf0kyCC99 @PeshawarZalmi #MatchDikhao
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 17, 2021
انگلش بیٹسمین ٹام بینٹن جنہوں نے سمر سیٹ کی طرف سے کھیلتے ہوئے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا، جس بنیاد پر انہیں گزشتہ سال پشاور زلمی کے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، تاہم وہ پاکستان کی پچز پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکے تھے، ان کے ساتھ لیام لیونگ سٹون اور لیام ڈاسن بھی گزشتہ ایڈیشن میں بہتر کھیل پیش نہیں کر سکے۔
ٹام بینٹن اس مرتبہ پشاور زلمی کا حصہ نہیں ہیں جبکہ لیام لیونگ سٹون کے متبادل ہی حیثیت سے پشاور زلمی کے ٹام کیڈمور کو سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس سال پشاور زلمی نے جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ ملر اور ویسٹ انڈیز کے رتھر فورڈ بھی اپنے سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں عماد بٹ، ثاقب محمود، عامر خان، عمید آصف اور محمد عرفان سینئر پشاور زلمی کی نمائندگی کر رہے ہیں، سپین باؤلنگ کے شعبے میں افغانستان کے مجیب الرحمان، نوجوان کرکٹر ابرار احمد امیدوں کا مرکز ہوں گے۔
سکواڈ: وہاب ریاض (کپتان)، حیدر علی، کامران اکمل، ٹام کیڈمور، شعیب ملک، ڈیوڈ ملر، عماد بٹ، امام الحق، محمد عامر خان، محمد عرفان سینئر، محمد عمران، مجیب الرحمان، محمد عمران، روی بوپارہ، ثاقب محمود، رتھر فورڈ، عمید آصف، ابرار احمد
گزشتہ کارکردگی:
ایڈیشن 2020: چوتھی پوزیشن
ایڈیشن 2019ء: رنر اپ
ایڈیشن 2018ء: رنر اپ
ایڈیشن 2017ء: چیمپئن
ایڈیشن 2016ء: تیسری پوزیشن