لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن میں شریک کرکٹر کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں شامل کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جسکے بعد ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اورغیرملکی کھلاڑیوں کے تحفظات کے پیش نظر بائیو سیکور ببل میں موجود تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے فوری طور پر کورونا ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل کورونا کا شکار کھلاڑی کو علامات ظاہر ہونے پر قرنطینہ کیا گیا تھا جس کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔
واضح رہے پی سی بی کی جانب سے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور کوچ ڈیرن سیمی کو پہلے ہی بائیوسیکیورببل کی خلاف ورزی کرنے پر 3 دن کے لیے آئسولیشن میں بھیج دیا گیا ہے جہاں ان کے دوبارہ سے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے۔