لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کا بڑا ہدف ہنستے کھیلتے حاصل کر لیا۔ فاتح ٹیم کی طرف سے بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی۔
196 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور شرجیل خان نے کیا، دونوں نے ابتدائی اوورز میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے شارٹس کھیلے۔
5 اوورز کی پانچویں گیند پر اوپنر شرجیل خان 14 گیندوں پر 27رنز بنا کر شاہنواز دھانی کا شکار بن گئے۔ وکٹ کے پیچھے محمد رضوان نے کیچ پکڑا۔ دوسری وکٹ جوئے کلارک کی گری، وکٹ کیپر بیٹسمین 26 گیندوں پر 54 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شاہنواز دھانی کے حصے میں وکٹ آئی۔
کراچی کنگز کو تیسرا نقصان کولن انگرام کی صورت میں اٹھانا پڑا، بیٹسمین 6رنز بنا کر فاسٹ باؤلر سہیل خان کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
کراچی کنگز نے بڑا ہدف 19 ویں اوورز میں بآسانی حاصل کر لیا۔ بابر اعظم نے 90 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی شاہنواز دھانی نے دو ، سہیل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 196 رنز کا ہدف دیا، ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا، اوپنر بلے باز کرس لین نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 14 گیندوں پر 32 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے۔
کپتان محمد رضوان 43 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ صہیب مقصود نے 34، رلی روسو 7، خوشدل شاہ 6 اور شاہد آفریدی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عماد وسیم، محمد عامر، وقاص مقصود نے ایک، ایک شکار کیا۔